تلگانہ کے محکمہ جیل کا خصوصی سیاحتی پروگرام”جیل محسوس کریں“

ایڈونچر کی خاطر لوگ کچھ بھی کر گزرنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔ایسے ہی لوگوں کے لیے بھارتی ریاست تلگانہ میں محکمہ جیل خانہ جات نے ایک نیا سیاحتی پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام کا نام ”جیل کو محسوس کریں“ (Feel The Jail) ہے۔ اس  پروگرام کے تحت سیاحوں کو ادائیگی کرنے پر تلگانہ  میں ہیریٹج جیل میوزیم میں وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔گزشتہ دنوں ملایشیا کے دو نوجوان دوست نگ ان وو اور انگ بون ٹک  کوالالمپور سے حیدر آباد دکن صرف اس جیل میں وقت گزارنے کےلیےآئے۔

دونوں نے اس تاریخی جیل میں ، جو 220 سال سے بھی زیادہ قدیم ہے، میں دو دن گزارے۔ 1796 میں سالار جنگ اول کے دور میں بنی اس جیل میں  دونوں دوستوں کو قیدیوں کے کپڑے پہنائے گئے۔جیل میں قیام کے دوران انہوں نے دوسرے ”قیدیوں“ کی طرح باغبانی  اور جیل کی صفائی بھی کی۔ انہوں نے اپنے قیدی ساتھیوں کے ہاتھ کا بنایا  ہوا کھانا بھی کھایا، جو انہیں خاصا پسند آیا۔دو دن کی جیل یاترا کے بعد دونوں ”قیدی“ اپنے ملک واپس چلے گئے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 2 مارچ 2018

Share On Whatsapp