Declaration Regarding Whether Or Not To Be Eligible For Hearing Petition Against Non-measures To Prevent Swine Flu

سوائن فلو کی روک تھام کیلئے اقدامات نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے سوائن فلو کی روک تھام کیلئے اقدامات نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔عدالت عالیہ کے روبرو درخواست گزار نے وفاقی ،صوبائی حکومت اور وزرات صحت کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ڈینگی سمیت متعدد موذی مرض پھیل رہے ہیں،اب پنجاب میں سوائن فلو تیزی سے بڑھ رہا ہے، حکومت پنجاب نے سوائن فلو کی روک تھام کے لیے حفاظتی انتظامات نہیں کئے اور ہسپتالوں میں سوائن فلو کی ویکسین ابتک موجود نہیں ۔
لہٰذامعزز عدالت سے استدعا ہے کہ سوائن فلو کی روک تھام اور مریضوں کے مفت علاج ،ہسپتالوں میں فوری ویکسین فراہم کرنے ،اس مرض کی آگاہی کے لئے حکومت کو خصوصی مہم چلانے کے احکامات صادر کرے ۔ جس پر فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

تاریخ اشاعت : بدھ 24 جنوری 2018

Share On Whatsapp