22واں دانش ٹرافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ایٹون سی سی نے جیت لیا

کراچی ۔ : رکن کے سی سی اے ایگزیکٹیو کونسل افضل قریشی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد دشوار گذار عمل ہے اور اس عمل کوتواتر کے ساتھ جاری رکھنایقیناً سراہے جانے کے قابل ہے ۔ چیف آرگنائزر محمد عباس نواز نے دانش ٹرافی کی 21ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے بعد 22ویں اننگز کا بھی آغاز کردیا ہے اور ہمیں ان سے توقع ہے کہ ان کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔
میری خواہش ہے کہ اس بار ٹورنامنٹ میں فیئر پلے ٹرافی کے سلسلے کو بھی متعارف کرایا جائے اور کھلاڑیوں کیلئے مین آف دی میچ ایوارڈ بھی ہونا چاہیے ۔ میں عباس نواز کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہوں اور کرکٹ کے فروغ کیلئے ان کی خدمات پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 22 ویں دانش ٹرافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں اور شائقین کے سامنے کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پر کیا۔
بعدازاں گیند کو ہٹ لگا کر مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر محمد عباس نواز، حسین مرچنٹ، سید محمد نسیم، سید عمران علی، زاہد شیخ، محمد رضوان و دیگر بھی موجود تھے۔افتتاحی میچ دفاعی چمپئن ایٹون سی سی اور کے جی اے جیم خانہ کے مابین کھیلا گیا۔ ہوم گراؤنڈ کی کے جی اے جیم خانہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی اور پوری ٹیم 152رنز مقررہ اوورز میں اسکور کرسکی۔
ڈومینک نے 26اور فیبن نے 24رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ محمد عرفان نے 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ ایٹون سی سی نے اپنی جوابی اننگز میں 5وکٹوں پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے باآسانی فتح کو گلے لگایا۔ محمد سلیم نے 9چوکوں کی مدد سے 62رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ساجد مشتاق نے 26رنز کے ساتھ انہیں بھرپور معاونت فراہم کی۔ ونود رمیش کے ہاتھ 2وکٹ لگے۔چیف آرگنائزر محمد عباس نواز کے مطابق ٹورنامنٹ میں 14ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جنہیں 2گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

تاریخ اشاعت : پیر 29 مئی 2017

Share On Whatsapp