پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے ہوگیا

سیریز میں شامل 3ٹی ٹونٹی، 1ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچزپاکستان میں ہوں گے

لاہور : سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی۔ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔
مہمان ٹیم 7 سے11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔
احسان مانی، چیئرمین پی سی بی:
چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 14 جنوری 2020

Share On Whatsapp