Arjuna Ranetinga Relishes Resettlement In Pakistan
PCB Will Also Find It Easy To Invite Other Teams To Their Country: Former Sri Lankan Captain

ارجنا راناٹنگا پاکستانی میدان دوبارہ آباد ہونے پر مسرور

پی سی بی کو دیگر ٹیموں کو اپنے ملک میں مدعو کرنے میں بھی آسانی ہوگی:سابق سری لنکن کپتان

کولمبو : ارجنا راناٹنگا پاکستانی میدان دوبارہ آباد ہونے پر مسرور ہیں۔ سری لنکا کے سابق عظیم کرکٹر نے کہاکہ پاکستانیوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا اب ہماری باری ہے میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم وہاں پر کھیل کا اصل فارمیٹ کھیل رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کا سلسلہ جہاں پر ٹوٹا تھا 10 برس بعد وہیں سے جوڑ چکی ہے، آئی لینڈرز کو 1996ءمیں پہلی بار ورلڈ کپ چیمپئن بنوانےوالے سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا بھی اس پر بہت خوش ہیں، انھوں نے کہا کہ میں اس بات پر بہت زیادہ مسرور ہوں کہ ہماری ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔
ہمارے کھلاڑیوں نے وہاں پر5روزہ فارمیٹ کھیلنے کیلئے جاکر بہت بڑے دل کا مظاہرہ کیا، میرے خیال میں یہی کھیل کا اصل فارمیٹ اور مجھے یقین ہے کہ اس سے پی سی بی کو دیگر ٹیموں کو اپنے ملک میں مدعو کرنے میں آسانی ہوگی، پاکستان کرکٹ کی مدد کرنے کی باری اب ہماری ہے۔رانا ٹنگا نے کہاکہ 1996 ءکے ورلڈ کپ میں جب خراب حالات کی وجہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سری لنکا کا دورہ کرنے سے انکار کیا تو پاکستان نے ہی اس وقت ہماری مدد کی تھی، ہم اس جذبہ خیر سگالی کو کبھی نہیں بھول سکتے۔
انھوں نے ثابت کیا کہ سری لنکا اور پاکستان کے کتنے قریبی تعلقات ہیں، ان کی وجہ سے ہی میگا ایونٹ میں ہمارا کھیل بہتر ہوا۔ یاد رہے کہ آئی لینڈرز کی جانب سے محدود اوورز کی پاکستان میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپسی پر بورڈ کے چند آفیشلز کے غلط بیانات پر بھی ارجنا رانا ٹنگا نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 14 دسمبر 2019

Share On Whatsapp