The Bad Weather Also Took The Fourth Day Of The Pindi Test To Be Washed Away
Last Day Too, It Was Only 5 Overs Due To Rain

خراب موسم پنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز بھی بہا کر لے گیا

گزشتہ روز بھی بارش کے باعث صرف5 اوورز ہی ہوسکے تھے

راولپنڈی : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کی نذر ہوگیا ہے اور کھیل ایک گیند کرائے بغیر ہی ختم کردیا گیا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ سے ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ تو بحال ہوگئی ہے لیکن بارش اور خراب موسم کی وجہ سے اب تک مہمان ٹیم کی پہلی اننگز ہی مکمل نہیں ہوسکی۔
راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکا کو اپنی پہلی نامکمل اننگز 282 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کرنا تھی لیکن بارش اور خراب آﺅٹ فیلڈ کے باعث کھیل ہی نہیں ہوسکا۔ کھیل کا آخری دن اتوار کو ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ ہی ختم ہونے کا امکان مزید قوی ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے 4 دنوں میں اب تک صرف 91 اوورز اور 5 گیندیں ہی کرائی جاسکی ہیں۔
پہلے دن 68 ، دوسرے دن 18 جبکہ تیسرے روز 5 اوورز ہی کرائے جاسکے ہیں۔دوسری جانب انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کے لیے میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔ میچ دیکھنے کےلئے شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر، جاوید میانداد انکلوژر ،جاوید اختر انکلوژر اور اظہر محمود انکلوژر میں فری انٹری کی اجازت نہیں ہے صرف مران بخش انکلوژر، یاسر عرفات انکلوژر اور سہیل تنویر انکلوژر میں فری انٹری دی گئی ہے۔قومی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 14 دسمبر 2019

Share On Whatsapp