کینیڈا میں بجلی سے چلنے والے دنیا کے پہلے کمرشل ہوائی جہازکی آزمائشی پرواز

وینکوور : دنیا کے پہلے مکمل الیکٹرک کمرشل ہوائی جہاز نے کینیڈا کے ساحلی شہر وینکوور سے اپنی افتتاحی آزمائشی پرواز کی ہے ۔ ہاربر ایئر کے 62 سالہ چیف ایگزیکٹو گریگ میک ڈوگل طیارے کو طلوع آفتاب کے فوراً بعد وینکوور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دریائے فریزر کے کنارے ایک شارٹ لوپ پر لے گئے۔ یہ ایک ماحول دوست پرواز تھی ۔ کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ مارک گارنیو نے پرواز سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ اگر یہ تجربہ اچھا رہا تو ماحول دوست پروازوںکا سلسلہ چلتا رہے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ 15 منٹ سے بھی کم دورانیے کی پرواز تھی۔ چیف ایگزیکٹو ہاربر ایئر گریگ میک ڈوگل نے کہا کہ ہمارا مقصد 40 سے زیادہ سمندری جہازوں پر مشتمل اپنے پورے بحری بیڑے کو بجلی سے چلانا ہے جس سے کمپنی کو لاکھوں کی بچت ہو گی کیونکہ الیکٹرک موٹر کو نسبتاً کم دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔ برقی طیارہ ساز انجینئرنگ فرم میگنکس کے چیف ایگزیکٹو روئی گنزرسکی نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے ہوائی کمپنیوں کے لئے قابل قدر بچت اور فضائی آلودگی سے نجات کے عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوائی جہاز کی برقی موٹر کو ڈیزائن کیا۔
یہ آلودگی سے پاک برقی ہوابازی کے دور کا عملی آغاز ہے۔واضح رہے کہ یورپی ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق دیگر ٹرانسپورٹ ذرائع کی نسبت فضائی سفر میں کاربن اخراج کی شرح بہت زیادہ ہے جو گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا باعث بنتی ہے جسے سائنسدان سخت خشک سالی ، طوفانوں اور سطح سمندر میں اضافے سے تعبیر کرتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : بدھ 11 دسمبر 2019

Share On Whatsapp