قطر ٹی10لیگ ،سلمان بٹ نے جاوید میانداد کی یاد تازہ کردی

, سابق پاکستانی کپتان نے آخری گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم فیلکنز ہنٹرز کو کامیابی دلا دی

دوحا : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اپنی ٹیم کے لیے جاوید میانداد بن گئے۔قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری ٹی 10 لیگ کے دوران سلمان بٹ نے اپنی ٹیم کے لیے وہی کارنامہ انجام دیا جو جاوید میانداد نے پاکستان کے لیے بھارت کے خلاف شارجہ میں انجام دیا تھا۔ٹی 10 لیگ کے دوران سلمان بٹ کی ٹیم فیلکنز ہنٹرز کو جیت کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے۔
پاکستانی کرکٹر نے ہیٹ سٹورمرز کے بائولر کی شاٹ پچ گیند کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے بائونڈری کے باہر پھینک دیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔چھکا لگانے کے بعد سلمان بٹ نے جشن مناتے ہوئے اپنا بیٹ بھی زمین پر پھینک دیا تھا جب کہ باونڈری کے باہر ان کی ٹیم کے کھلاڑی نے گیند کو شاندار انداز میں کیچ کرکے جشن منایا۔واضح رہے کہ اپریل 1986 ئ میں جاوید میانداد نے شارجہ میں آسٹرو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو بھارت کے خلاف چیتن شرما کی آخری گیند پر چھکا لگا کر تاریخی فتح سے ہمکنار کیا تھا۔یاد رہے کہ سلمان بٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کا بھی حصہ ہیں۔

تاریخ اشاعت : منگل 10 دسمبر 2019

Share On Whatsapp