پشاور ائیرپورٹ پر مسافر طیارہ دوران لینڈنگ حادثے کا شکار ہوگیا

کراچی سے پشاور آنے والی پرواز سے عین اس وقت پرندہ ٹکرا گیا جب جہاز لینڈ کر رہا تھا، طیارے کو گراونڈ کر دیا گیا

پشاور : پشاور ائیرپورٹ پر مسافر طیارہ دوران لینڈنگ حادثے کا شکار ہوگیا، شہر قائد سے پشاور جانے والی پرواز سے عین اس وقت پرندہ ٹکرا گیا جب جہاز لینڈ کر رہا تھا، طیارے کو گراونڈ کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور پہنچنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پرواز ای آر 550 کی لینڈنگ سے پہلے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔
پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کے دائیں انجن کو نقصان پہنچا تاہم کپتان نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرا لیا۔ پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ جبکہ بعد ازاں پشاورسے کراچی آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 551 منسوخ کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نقصان کا شکار ہونے والا طیارہ ٹھیک ہوتے ہی کراچی کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار پشاور ایئرپورٹ کے اطراف گندگی سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کچرا نہ اٹھانے کے باعث حالیہ کچھ عرصے کے دوران پشاور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث دوسرے شہروں اور ممالک سے پشاور آنے والے فضائی مسافروں کی جان ہر وقت خطرے میں رہتی ہے۔

تاریخ اشاعت : منگل 10 دسمبر 2019

Share On Whatsapp