فاسٹ بولرمحمد عباس نے انگلش کانٹی ناٹنگھم شائر سے معاہدہ کرلیا

لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے انگلش کانٹی ناٹنگھم شائر سے معاہدہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق 29 سالہ پاکستانی ٹیسٹ فاسٹ بالر پچھلے 2 سال سے لیسٹرشائر کی نمائندگی کررہے تھے لیکن اس سال وہ ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ ناٹنگھم شائر کی ٹیم گزشتہ سیزن ایک میچ بھی نہ جیت سکی تھی اور ڈویژن ون سے اس کی تنزلی ہوئی تھی تاہم عباس کی ٹرینٹ برج آمد کے بعد ناٹنگھم شائر کو بہتر نتائج کی امید ہے۔
کانٹی کے ہیڈ کوچ پیٹر موریس کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہے کہ عباس انگلش کنڈیشن میں کس قدر مفید ثابت ہوسکتے ہیں اور ان کے ماضی کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی ناٹنگھم شائر نے پاکستانی ٹیسٹ فاسٹ بالر کی خدمات حاصل کیں۔لیسٹر شائر کی جانب سے 2 سیزن میں 19 میچ کھیل کر20.67کی اوسط سے 79 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس کا کہنا ہے کہ وہ ناٹنگھم شائر کو ایک بار پھر ڈویژن ون میں واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے،یاد رہے کہ اس سے قبل قومی آل رانڈر عماد وسیم بھی رواں سال ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں نا ٹنگھم شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں ۔
ناٹنگھم شائر اگلے سیزن کا آغاز 12 اپریل سے کرے گی اور محمد عباس ابتدائی 9 میچز میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے جس کے بعد وہ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کو جوائن کرلیں گے ۔یاد رہے کہ محمد عباس اب تک قومی ٹیم کی جانب سے 15ٹیسٹ میچز میں20.37کی اوسط سی66وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔

تاریخ اشاعت : منگل 10 دسمبر 2019

Share On Whatsapp