Sarfraz Ahmed Will Not Be Able To Participate In The Unapproved Qatar T10 League
The Former National Captain's Departure Was Scheduled For Monday Morning But He Did Not Go

سرفراز احمد غیرمنظور شدہ قطر ٹی 10 لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے

سابق قومی کپتان کی دوحا روانگی پیرکی صبح شیڈول تھی مگر وہ نہیں گئے

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد قطر ٹی10لیگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔آئی سی سی سے منظورشدہ ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے سرفراز کو ایکشن میں آنے کا موقع نہیں ملے گا، سرفراز احمد کی دوحا روانگی پیرکی صبح شیڈول تھی مگر وہ نہیں گئے۔ذرائع نے بتایا کہ گوکہ انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے این او سی جاری کردیا تھا مگر بعد میں اندازہ ہوا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کوئی بھی کھلاڑی ایسے کسی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکتا جو آئی سی سی سے منظور شدہ نہ ہو۔
سینٹرل کنٹریکٹ نہ پانے والے دیگر پاکستانی کرکٹرز ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ قطر ٹی 10 لیگ کا پہلا ایڈیشن قطر میں جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کر رہی ہیں جن میں پرل گلیڈی ایٹرز، ڈیزرٹ رائیڈرز، ہیٹ سٹرومرز، فلائنگ اوریکس، فالکن ہنٹرز اور سوفٹ گیلوپرز شامل ہیں۔ لیگ میں تیسری پوزیشن کے لیے میچ اور سیمی فائنلز 15 دسمبر جب کہ فائنل میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔                                                                         

تاریخ اشاعت : منگل 10 دسمبر 2019

Share On Whatsapp