انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور کو پاکستان میں کوچنگ کا عہدہ مل گیا

زمبابوے کے سابق کرکٹر پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داری نبھائیں گے

لاہور : انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاور کو پاکستان میں کوچنگ کا عہدہ مل گیا، زمبابوے کے سابق کرکٹر پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داری نبھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم کیلئے ہیڈ کوچ کا انتخاب کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت دنیائے کرکٹ کے بہترین کوچز میں سے ایک شمار کیے جانے والے اینڈی فلاور کو ملتان سلطانز کا ہیڈ کوچ جبکہ نیتھن لیون کو سینئر انالسٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں اینڈی فلاور کی دوسری ذمہ داری ہے۔ اس سے قبل اینڈی فلاور پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے بھی فرائض نبھا چکے ہیں۔ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے تجزیاتی اور حکمت عملی کے حوالے سے فرائض سونپنے پر نیتھن لیون کا کہنا تھا کہ ابتداء سے ہی جاذب نظر پہلو فرنچائز مالک کی طرف سے اس بات کی وضاحت ہے کہ وہ تجزیاتی فرائض کا استعمال کرتے ہوئے ٹیم کو اگلے لیول پر لے جانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اینڈی فلاور کیساتھ مل کر اجتماعی طور پر ٹیم کی حکمت عملی کو بہتر بنائیں گے۔ ہر مرحلے پر حتمی فیصلے کا اختیار ہیڈ کوچ اور کپتان کو حاصل ہوگا لیکن اس کے پس پشت ایک مضبوط سٹرکچر معلومات کی فراہمی کا کام کر رہا ہوگا جس کے سہارے وہ ممکنہ طور پر بہترین فیصلے کر سکیں گے۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ ملتان سلطانز جلد ہی اپنی ٹیم کے نئے کپتان کے نام کا اعلان بھی کرے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاہد خان آفریدی ملتان سلطانز کے نئے کپتان ہوں گے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 7 دسمبر 2019

Share On Whatsapp