اوپن پولو چمپئن شپ کا فائنل (کل ) کھیلا جائے گا

لاہور : لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ہمدان پولو کپ برائے لاہور اوپن پولو چمپئنشپ 2019ء کا فائنل کل (اتوار)کوسامبا بینک اور اے او ایس پولو ٹیم کے درمیان ہوگا۔ لاہور پولو کلب کے صدر ملک عاطف یار ٹوانہ نے بتایا کہ لاہور اوپن میں دس ٹیموں کی شرکت بہت خوش آئند بات ہے۔ غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیا ہے۔ فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنلز میں کامیابی حاصل کی۔
آٹھ گول کے اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم نے چار میچ کھیلے۔ فائنل کھیلنے والی سامبا بینک کی ٹیم میں سید محمد تراب رضوی، المان جلیل اعظم، عدنان جلیل اعظم اور ایڈورڈ بینر ایو شامل ہیں جبکہ اے او ایس پولو ٹیم میں حمزہ علی حکیم ، ہاشم کمال آغا، شاہ شمیل عالم اور راجہ سمیع اللہ شامل ہیں۔گزشتہ روز پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ باڑیز اور پلاٹینم ہومز /اولمپیاء کے درمیان ہوا جو باڑیز کی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6 سے جیت لیا۔ باڑیز کی طرف سے ارینسٹو ٹروٹز نے چھ جبکہ آغا موسی نے ایک گول سکور کیا۔ ہارنے والی پلاٹینم ہومز /اولمپیاء کی طرف سے عامر رضا بہبودی نے تین، مصطفی منوں نے دو جبکہ احمد علی ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 7 دسمبر 2019

Share On Whatsapp