Japanese Company Pays People To Be Filmed In Their Own Homes For A Month

جاپانی کمپنی لوگوں کو ایک ماہ تک اپنے گھروں میں ہر جگہ فلم بندی کرانے پر رقم کی ادائیگی کرے گی

ہمارے آن لائن ڈیٹا سے بہت سے ٹیکنالوجی کمپنیاں پیسے کماتی ہیں لیکن ایک جاپانی کمپنی کا خیال ہے کہ  ہمارے رئیل لائف ڈیٹا سے نہ صرف کمپنیاں بلکہ  ہم خود بھی پیسے کما  سکتے ہیں۔یہ جاپانی کمپنی لوگوں کے گھروں میں اُن کی ایک ماہ تک ویڈیو ریکارڈنگ کرے گی، اس کے بعد اس ویڈیو کو مختلف کمپنیوں کو فروخت کر دیا جائے گا۔
پچھلے ماہ جاپان کی پلازما انکارپشن نے اس وقت خبروں میں جگہ بنائی جب انہوں نے لوگوں کو ایک معاشرتی تجربے ”پراجیکٹ ایگزو گراف“ کی دعوت  دی۔


اس پراجیکٹ کے  شرکا اس بات پر راضی ہونگے کہ کمپنی اُن کے گھروں میں ہر جگہ کیمرے نصب کر سکتی ہے۔ یہ کمپنی شرکا کے کمروں،باتھ روم،  کچن اور کپڑے بدلنے کی جگہوں پر بھی کیمرے لگائے گی۔ان کیمروں سے ایک ماہ تک مسلسل ریکارڈنگ کی جائے گی۔ایک ماہ بعد اس ویڈیو کی اس طرح ایڈیٹنگ کی جائے گی کہ اس میں موجود شخص کو پہنچاننا ناممکن ہو جائے۔ اس کے بعد اس فوٹیج کو مختلف کمپنیوں کو فروخت کر دیا جائے گا۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اب تک سینکڑوں افراد اس تجربے میں شریک ہونے کے لیے درخواستیں دے چکے ہیں۔
پلازما انکارپوریشن کے  سی ای او ہیروکی اینو نے کہا کہ  کمپنیاں جاننا چاہتی ہیں کہ لوگ باتھ روم سے باہر آنے کے بعد کیا پیتے ہیں یا ٹی وی دیکھتے ہوئے کس پوزیشن میں بیٹھتے ہیں۔ہیروکی اینو کا کہنا ہے کہ لوگوں کی معلومات سے تو سرچ انجنز کی مدد سے پیسے کمائے جا رہے ہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ لوگوں کی حقیقی زندگی کا رئیل ٹائم ڈیٹا لائف سٹائل سے متعلق بیماریوں اور نئی ادویات بنانے کے لیے کافی   اہم ہوگا۔

پلازما انکارپوریشن نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ تجربے میں شریک ہر شخص کو 1 لاکھ 32  ہزار 930 ین (1220 ڈالر ) ادا کرے گی لیکن پھر کمپنی پر تنقید ہوئی  کہ علاقے کے غریب لوگوں کا استحصال کر رہی ہے۔ اس پر پلازما نے یہ رقم 2 لاکھ ین یا 1830 ڈالر تک بڑھا دی۔10 نومبر تک 500 افراد اس تجربے میں شمولیت کے لیے اپنے نام درج کر اچکے تھے۔ان میں سے 400 افراد مرد اور100 خواتین ہیں۔
ان کی عمریں 20 سے 30 سال ہے۔ تجربے میں شریک 30 سے 40 فیصد افراد کا کہنا  ہے  کہ وہ صرف رقم کے لیے اس تجربے میں شریک ہو رہے ہیں جبکہ کچھ افراد کا کہنا  ہےکہ وہ معاشرے کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے اس تجربے میں شامل ہو رہے ہیں۔
پلازما انکارپوریشن اس تجربے کے لیے 5افراد کو منتخب کرے گی۔ لوگوں کی  بڑھتی ہوئی دلچسپی کے  پیش نظر کمپنی شرکا کی تعداد کو بڑھا بھی سکتی ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 4 دسمبر 2019

Share On Whatsapp
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں