قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں رسائی کے لیے چار ٹیموں میں مقابلہ

پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان سنٹرل پنجاب اور چوتھے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے درمیان صرف 18 پوائنٹس کا فرق

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت جاری پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کا آغاز 14 ستمبر سے ہوا۔ ایونٹ میں اب تک 9 راونڈز میں27 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ 2 دسمبر سے شروع ہونے والا قائداعظم ٹرافی کا دسواں راونڈ اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ ایونٹ کی دو ٹاپ ٹیموں کا تعین بھی آخری راونڈ کے میچز کے بعد ہی ممکن ہوگا۔قائداعظم ٹرافی کا فائنل 27 سے 31 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ایک ٹیم میچ میں زیادہ سے زیادہ 24 (جیت 16، بیٹنگ 5 اور باولنگ 3) پوائنٹس حاصل کرسکتی ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر اب تک پہلی پوزیشن پر براجمان سنٹرل پنجاب اور چوتھی پوزیشن پر موجودسدرن پنجاب کے درمیان اس وقت صرف 18 پوائنٹس کا فرق باقی ہے۔دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں چھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود سنٹرل پنجاب اور چوتھے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے درمیان آخری راونڈ کا میچ اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ آخری راونڈ میں شکست کا سامنا کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 120 جبکہ سدرن پنجاب کی 102 ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کی لائیو اسکورنگ پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر کی جائے گی۔
119 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود خیبرپختونخوا کی ٹیم دسویں راونڈ میں ناردرن کے مدمقابل آئے گی۔ 106 پوائنٹس کے ساتھ ناردرن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ یہ اہم میچ پی سی بی کے یوٹیوب چینل سے لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلی چار ٹیموں کے پوائنٹس کو پیش نظر رکھا جائے تو یہ اندازہ لگانا غلط نہیں کہ ایونٹ کے آخری راونڈ میں چار ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔ لہذا کراچی میں موجود کرکٹ کے شائقین کے لیے آئندہ ہفتہ سنسنی سے بھرپور ہوگا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 10 ملین روپے کی انعامی رقم ملے گی۔

تاریخ اشاعت : پیر 2 دسمبر 2019

Share On Whatsapp