عالمی کبڈی کپ، قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد : عالمی کبڈی کپ کے حوالے سے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 24 نومبر کو سہ پہر تین بجے، پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے آفس میں ہوگا، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے بتایا کہ اجلاس میں عالمی کبڈی کپ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے حوالے سے بات جیت ہوگی، قومی پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی میں لیفٹننٹ کرنل نبیل رانا (پاکستان آرمی)، رائے مسعود احمد (پاکستان واپڈا)، طاہر وحید جٹ (سیکرٹری جنرل پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن)، فریاد علی (پاکستان ایئرفورس) اور شہراد حنیف (ایس این جی پی پی ایل) شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے تربیتی کیمپ 2 دسمبر سے اسلام آباد میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک بھر سے 25 کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ عالمی (سرکل )کبڈی کپ 12 سے 18 جنوری تک لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پاکستان عالمی کبڈی کپ کی پہلی بار میزبانی کر رہا ہے۔ ٹورنامنٹ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام اور کری ایٹو منیجمنٹ سپورٹس کے تعاون سے کھیلا جائے گا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 21 نومبر 2019

Share On Whatsapp