آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی عدم شرکت کا امکان

ٹاپ آرڈر بلے باز عابد علی ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے میچ میں وکٹ کے عقب کیپنگ کرتے نظر آئیں گے

برسبین : آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی عدم شرکت کا امکان، ٹاپ آرڈر بلے باز عابد علی ممکنہ طور پر سیریز کے پہلے میچ میں وکٹ کے عقب کیپنگ کرتے نظر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق برسبین میں آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کا عزم لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بھرپور پریکٹس میں مصروف رہی۔ قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے گابا ٹیسٹ کے لیے برسبین میں پریکٹس کا یہ دوسرا روز تھا۔
پاکستانی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی ٹپس دیں جبکہ نیٹس میں قومی بلے بازوں نے جم کر پریکٹس کی۔پریکٹس سیشن کے دوران عابدعلی کو بھی وکٹ کیپنگ کی مشقیں کرائی گئیں۔ جبکہ بولرز نے ٹیسٹ میچز میں آسٹریلوی بلیبازوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لائن لینتھ پر توجہ مرکوز کرلی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز آسٹریلیا میں پریکٹس میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ محمد رضوان تاحال مکمل طور پر ریکور نہیں ہو سکے ہیں۔ اسی لیے قوی امکان ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے محمد رضوان کی جگہ عابد علی نا صرف ٹیم کا حصہ ہوں گے، بلکہ وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ جبکہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ کو بھی ڈیبیو کروائے جانے کا امکان ہے۔ واضح ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔
                                                 

تاریخ اشاعت : منگل 19 نومبر 2019

Share On Whatsapp