پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل میچز دکھانے سے انکار کرنے والے بھارتی براڈکاسٹر کیخلاف لندن کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرلیا

لاہور۔19 نومبر : پی ایس ایل میچز دکھانے سے انکار کرنے والے بھارتی براڈکاسٹر کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ نے لندن کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرلیاہے۔پی سی بی نے دائر درخواست میں دوران ایونٹ معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر نقصان کا ازالہ کرنے اور داد رسی کی استدعا کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی براڈ کاسٹر آئی ایم جی آر کے درمیان پی ایس ایل 2019 کے تمام میچز براہ راست دکھانے کا معاہدہ ہواتھا تاہم صرف سات میچز کے بعد براڈکاسٹرزنے معاہدے کی پاسداری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کام روک دیاتھا۔
براڈکاسٹر حکام کے اس اچانک فیصلے اور ایونٹ کو خراب کرنے کی کوشش پرپاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل میچز جاری رکھنے میں نہ صرف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ شدید ذہنی کوفت بھی برداشت کرنا پڑی۔پی سی بی حکام نے فوری طورپر متبادل بندوبست کرکے ان میچز کو ٹی وی پر دکھانا ممکن بنایا۔ذرائع کے مطابق لندن کی اس عالمی ثالثی عدالت میں کیے جانے والے مقدمے میں بطور ہرجانہ ایک بھاری رقم وصول کرنے کا مطالبہ کیاگیاہے تاہم اس کی تفصیلات ابھی خفیہ رکھی جارہی ہیں۔لہذا عدالت فوری داد رسی کرے۔

تاریخ اشاعت : منگل 19 نومبر 2019

Share On Whatsapp