دوحہ پہنچنے پر قطری امیر نے نواز شریف کو ریسیو کرنے کے لیے ذاتی چیف آف پروٹوکول کو طیارے میں بھیجا

سینئیر صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے ٹویٹر پیغام میں دعویٰ کر دیا

اسلام آباد : : مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے بتایا کہ دوحہ پہنچنے پر قطر کے امیر شیخ تمیم الثانی نے نواز شریف کو ریسیو کرنے اور انہیں طیارے کی ری فیولنگ اور طبی عملے کی تبدیلی کے دوران رائل ٹرمینل لاؤنج تک لانے کے لیے ذاتی چیف آف پروٹوکول کو بھجوایا۔
خیال رہے کہ قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس میں لاہور سے علاج کے لیے لندن روانہ ہونے والے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔
ان کے ہمراہ ان کے بھائی میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد ہیں۔ میاں نواز شریف کے معالج ڈاکٹرعدنان کے مطابق دوحہ میں ایئر ایمبولینس میں ری فیولنگ ہو گی، جبکہ فضائی اور طبی عملہ بھی تبدیل ہو گا، جس کے کچھ دیر بعد ایئر ایمبولینس لندن کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ آج صبح سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی رہائشگاہ جاتی امرا سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے حج ٹرمینل پر پہنچے جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف ائیر ایمبولینس میں سوار ہو کر پاکستان سے روانہ ہو گئے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔ ضروری ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے پائلٹ کو اڑان کی اجازت دی۔ حکومت کی جانب سے ایئر ایمبولینس کو مکمل کلیئرنس دی گئی۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق نواز شریف کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت ملی ہے اور وہ اس دفعہ صرف عدالت کے احکامات دیکھا کر ملک سے باہر جا سکیں گے تاہم ان کا نام ای سی ایل میں رہے گا۔

تاریخ اشاعت : منگل 19 نومبر 2019

Share On Whatsapp