کرتارپور راہداری کھول کر وزیر اعظم عمران خان نے 14 کروڑ سکھوں کے دل جیت لئے ہیں، آج سکھ خوشی منا رہے ہیں، کرتارپورراہداری ہم نے کھولی ، یہ ہمارا یکطرفہ فیصلہ ہے

بھارتی سپریم کورٹ نے چھٹی کے دن بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنا کر مسلمانوں کی دل آزاری کی ، گاندھی اور نہرو کا ہندوستان دفن ہو چکا، اب وہاں پر آر ایس ایس کے نظریات کا غلبہ ہے , وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کھول کر وزیر اعظم عمران خان نے 14 کروڑ سکھوں کے دل جیت لئے ہیں، آج سکھ خوشی منا رہے ہیں، جب آپ دلوں کو جیتتے ہیں تو آپ کی حمایت میں اضافہ ہوتا ہے، کرتارپورراہداری ہم نے کھولی ہے، یہ ہمارا یکطرفہ فیصلہ ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے چھٹی کے دن بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنا کر مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، گاندھی اور نہرو کا ہندوستان دفن ہو چکا ہے اور اب وہاں پر آر ایس ایس کے نظریات کا غلبہ ہے، بھارت مسلسل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت خلاف ورزی نہ کر رہا ہوتا تو جنوبی ایشیا کہاں سے کہاں پہنچ چکا ہوتا۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کھول کر 14 کروڑ سکھوں کے دل جیت لئے ہیں، ہم نے اللہ کی خوشنودی، خیرسگالی کے جذبے، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کیلئے یہ سب کیا ہے، ہم نے صوفیا کا محبت، رواداری اور انسانیت کا جو مسیج ہے اس کو فروغ دیا ہے، ہم نے قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے، ہم نے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ راہداری کھولنے سے پاکستان کو فائدہ ہوا ہے، آج کا دن کتنا تاریخی ہے، وقت اور تاریخ اس کے اثرات بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کی سب سے بڑی مذہبی قیادت نے کشمیر پر بھارتی پالیسی پر تنقید کی ہے اور انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ بھارت نے کشمیر پر جو رویہ اختیار کیا ہوا ہے ہم اس کو پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ، امریکہ اور کینیڈا سمیت جہاں بھی کشمیری، پاکستانی اور ہیومن رائٹس احتجاج کرتی ہیں تو سکھ کمیونٹی بھی ان کا ساتھ دے رہی ہوتی ہے جو کہ بڑی تبدیلی ہے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp