وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کاجشن میلا د النبیؐ پرپیغام

پشاور۔09 نومبر : خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاہے کہ حضور نبی رحمت ﷺکی ولادت با سعادت پر خوشی کا اظہار آپؐ سے تعلق کی پختگی کا مظہر ہے،حضور نبی کریم ؐاس اُمت پر الله تعالیٰ کا احسان عظیم اور خاتم رسالت و نبوت ہیں۔ آپ کی تعظیم و توقیر ہر مسلمان پر لازم ہے عقیدہ ختم نبوت پر ہی ایمان کی عمارت کھڑی ہوتی ہے ،آج تک جس نے جب بھی عقیدہ ختم نبوت کو چھیڑنے کی مذموم کوشش کی ذلت و رسوائی اس کا مقدر بنی ،خاتم النبینؐ کی محبت ایمان کا بنیادی تقا ضا اور آپؐ کا اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسانوں کیلئے عملی نمونہ ہے۔
عیدمیلادالنبیؐکے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوااورپاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کومبارکباددیتے ہوئے کہاکہ ہم اس نعمت عظمیٰ پر جس قدر بھی خوشی اور تشکر کا اظہار کریں اس کا حق ادا نہیں کر سکتے ۔آپ ؐ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت ، عفو و درگزر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔
آپ ؐ کاخطبہ حجتہ الوداع ایسامنشور ہے جو رہتی دنیاتک نہ صرف مسلمانوںبلکہ دنیابھرکے انسانوں کی رہنمائی کاسرچشمہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ رحمت عالمؐ کی تعلیمات کاکرشمہ تھاجس نے سب کو ایک صف میں کھڑاکرکے آقاوغلام کافرق مٹادیا ہے اور بلاامتیازرنگ و نسل فلاح انسانیت کاپابند بنادیا ہے جس کی بدولت اسلام دنیا کے کونے کونے تک پھیل گیا ۔
انہوںنے کہاکہ محسن انسانیت کایہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے،آپؐ انسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیںکامیابی کیلئے اپنی زندگیوںمیں امانت ،دیانت ،خیرخواہی اوراسلامی بھائی چارے کوفروغ دینا ہو گاباہمی اتحاداورقومی یکجہتی موجودہ حالات کااولین تقاضاہے۔ انہوںنے کہاکہ حقیقی اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کیلئے اسوہ حسنہ کی روشنی میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ظلم و ستم کے خاتمے اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے تبدیلی کانعرہ بلندکیاہے صوبائی حکومت نے تحریک انصاف کے تبدیلی کے منشور کے تحت خیبرپختونخوا میں شفاف نظام کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں۔نظام کی شفافیت کی اس جدوجہدعظیم میں زندگی کے تمام شعبوںسے تعلق رکھنے والے لوگوں کاتعاون ضروری ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہری اُصولوں کو اپناتے ہوئے ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp