عمران خان آج 14 کروڑ سکھوں کے دل کی آواز بن چکے ہیں جنہوں نے صرف خدا کی خوشنودی کیلئے یہ اقدام کیا ہے،

سکھ قوم ان کی مشکور ہے،سکھ ایک بہادر قوم ہے ، عمران خان کی آواز بن کر دنیا بھر میں امن کا پیغام دے گی , عمران خان نے میرے ساتھ دوستی کو بڑی خوبصورتی سے نبھایا ، کرتارپور راہداری کو کھولنے کی میری درخواست کو آج عملی جامہ پہنا دیا ہے، سابق بھارتی کرکٹر نجوت سنگھ سدھوکا کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

کرتار پور : حکومت پاکستان کے خصوصی مہمان ، وزیراعظم عمران خان کے دوست سابق بھارتی کرکٹر نجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج 14 کروڑ سکھوں کے دل کی آواز بن چکے ہیں جنہوں نے صرف خدا کی خوشنودی کیلئے یہ اقدام کیا ہے، سکھ قوم ان کی مشکور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ ایک بہادر قوم ہے جو دنیا بھر میں بستی ہے اور وہ عمران خان کی آواز بن کر دنیا بھر میں امن کا پیغام دے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے میرے ساتھ دوستی کو بڑی خوبصورتی سے نبھایا ہے اور کرتارپور راہداری کو کھولنے کی میری درخواست کو آج عملی جامہ پہنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں کی چار نسلیں کرتار پور صاحب آنے کیلئے ترستی رہیں لیکن آج عمران خان نے ان کی خواہش پوری کردی ہے۔ نجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ سکندر نے خوف سے دنیا فتح کی تھی لیکن عمران خان پیار اور محبت سے پوری دنیا کے دل جیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ راہداری امن و محبت کو فروغ دے گی اور راہداری کا قیام وزیراعظم عمران خان کو ’’جپھی‘‘ ڈالنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسائل گلے ملنے سے ختم ہوسکتے ہیں تو سرحدوں پر لڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سدھو نے خوبصورت شاعری کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سکھ برادری پر کئے گئے احسان پر بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp