ایک تاریخی دن ہے وزیراعظم عمران خان نے اپنا کیا ہوا وعدہ نبھادیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

کرتار پور راہداری کو عالمی شہرت حاصل ہوچکی ہے ،مجھے تعجب ہوتا ہے کہ کیا بابری مسجد کا فیصلہ آج ہی آنا تھا وزیر خارجہ

کرتارپور : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک تاریخی دن ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنا کیا ہوا وعدہ نبھادیا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرتار پور راہداری کے افتتاح سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاریخی دن ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنا کیا ہوا وعدہ نبھادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سکھوں کے چہروں پر جو رونق اور خوشی کی لہر قابل دید ہے، یاتری بہت ذوق و شوق سے یہاں آرہے ہیں اور یہ ایک بین الاقوامی ایونٹ بن چکا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کرتار پور راہداری کو عالمی شہرت حاصل ہوچکی ہے اس اثنا میں مجھے تعجب ہوتا ہے کہ کیا بابری مسجد کا فیصلہ آج ہی آنا تھا کیا یہ ایک دو روز انتظار نہیں ہوسکتا تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوشی کے موقع پر بھارت کی جانب سے اتنی بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا ہے جس کا مجھے بے حد افسوس ہے، بھارت کو اس خوشی میں شامل ہونا چاہیے تھا، یہ ایک حساس مسئلہ ہے اور حساس مسئلے کو خوشی کے دن شامل نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں سنگاپور میں تھا جہاں کرتارپور راہداری کے حوالے سے ایک خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا، اس نمائش میں پاکستان کے اندر سکھ دھرم کے جتنے اہم گوردوارے ہیں ان کی تصاویر شامل کی گئی تھیں۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس تصویری نمائش کے افتتاح کا کہا گیا اور جب میں افتتاح کیلئے پہنچا تو سکھ برادری کے بہت سے لوگوں سے میری ملاقات ہوئی ان لوگوں کے اندر خوشی کے جو جذبات تھے وہ بیان سے باہر ہیں وہ پاکستان کے بے انتہا شکرگزار تھے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp