وزیراعظم عمران خان اور سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے درمیان پرجوش مصافحہ

وزیراعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کو بھی گلے لگا کر ویلکم کیا

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9نومبر 2019ء وزیراعظم عمران خان کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں پہنچ گئے ہیں جہاں اب سے کچھ دیر بعد وہ کرتاپور راہداری کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ بھی افتتاحی تقریب میں پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان اور سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے درمیان بھی مختصر بات چیت ہوئی ہے دونوں نے آپس میں مصافحہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی من موہن سنگھ سے مصافحہ کیا۔عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کو بھی گلے لگا کر ویلکم کیا۔وزیراعظم عمران خان نے سکھ یاتریوں کو بھی خوش آمدید کہا۔ہ سابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ اوربھارتی پنجاب کے موجودہ وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ (ر) بھی کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ نوجوت سنگھ سدھو بھی آ چکے ہیں۔ سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے گُردوارہ دربار صاحب کرتار پور پہنچنے پر کہا ہے کہ آج سِکھ برادری کے لیے بڑا دِن ہے۔ راہداری کھولنے سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ دُوسری جانب بھارتی وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ (ر) کا پاکستانی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کھلنے پر سب خوش ہیں۔
میں بھی ستر سال بعد کرتار پور کھلنے پر خوش ہوں۔بھارت سے دس ہزار لوگ پہنچ گئے۔ پاکستان کے لوگوں کے اتنے شکر گزار ہیں کہ بیان نہیں کر سکتے۔ یہ راہداری اچھی شروعات ہے۔ یہ مطالبہ ستر سال پُرانا ہے۔واضح رہے کہ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 68 ممالک سے سِکھ یاتری پہنچ گئے ہیں۔ زیرو لائن کرتار پور سے سکھ یاتریوں کی آمد جاری ہے۔اس مقصد کے لیے سرحدی دروازے کھول دیئے گئے۔ تمام سِکھ ویزا فری کوریڈور سے پہنچ رہے ہیں۔ جو آج صبح آ کر شام کو واپس چلے جائیں گے۔ یہ تاریخ میں بہت بڑا لمحہ ہے۔ 68 ممالک سے سِکھ یاتری پہنچ گئے۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بارڈر ٹرمینل پر 5 منٹ میں 130 یاتریوں کی رجسٹریشن ہو گی۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp