سماجی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے علامہ محمد اقبال کے افکار سے استفادے کی ضرورت ہے

قوم علامہ اقبال کے افکار سے استفادہ کرے تا کہ ملک اور امت مسلمہ کو درپیش سماجی، اقتصادی اور سیاسی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے , وزیراعظم عمران خان کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر پیغام

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سماجی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے علامہ محمد اقبال کے افکار سے استفادے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم علامہ اقبال کے افکار سے استفادہ کرے تا کہ ملک اور امت مسلمہ کو درپیش سماجی ، اقتصادی اور سیاسی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی اور ترقی پسند ریاست بنانے کیلئے علامہ اقبال کے نظریات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم مسلمان ثقافت کو شناخت کی بنیاد کے ساتھ ساتھ ریاست مدینہ کے اعلیٰ اخلاقی معیار کے مطابق پیش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم عظیم شاعر اور مفکر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کیلئے برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کی جب ان پر ہندوئو کی اکثریت پوری طرح غالب تھی۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی سوچ اور فکر نے مسلمانوں کو امید کی کرن دکھائی جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک آزاد اسلامی ریاست پاکستان کے قیام میں مدد گار ثابت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کی سوچ اور فکر بین الاقوامی تھی جس نے مسلمان دنیا کو در پیش مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کی تجاویز بھی پیش کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عظیم شاعر علامہ اقبال کے تصور خودی نے مسلمانوں کو عظیم قوت عطا کی ہے تاکہ وہ عالمی برادری میں اپنی کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلمان دنیا کو مختلف مسائل کا سامنا ہے اور علامہ محمد اقبال نے اپنی دوراندیشی سے پہلے ہی ہمارے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو جان کر ان کی نشاندہی کردی تھی۔ وزیراعظم نے جدید دور کی ضروریات پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ علامہ محمد اقبال کی سیاسی روایات اور اصولوں کی بنیاد پر ترقی کیلئے سماجی ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp