نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کٹھائی میں پڑ گئی

نواز شریف کی طبعیت بدستور تشویشناک؛ بیرونِ ملک روانگی میں پلیٹ لٹس کی کمی آڑے آ گئی

لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبعیت بدستور تشویشناک ہے جب کہ ان کی بیرون ملک روانگی میں پلیٹ لٹس کی کمی آڑے آ گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک نواز شریف کے خون میں پلیٹ لٹس میں توازن نہیں آتا۔وہ سفر نہیں کر سکتے۔شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے مسئلے کے حل کے لیے سرجوڑ لیے ہیں،سرکاری میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر ایاز کے مطابق سفر کے لیے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 سے 60 ہزار ہونا لازم ہے۔
سابق وزیراعظم کے پلیٹ لٹس میں کمی دور کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ نے بیرون ملک ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔جب کہ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ حکومت پر الزام نہیں آنا چاہیے کہ وہ نوازشریف کا علاج کروانے میں رکاوٹ ہے۔وزارت کو چاہیے کہ قانون اورانسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کرے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست ملی ہے۔ وزارت داخلہ اپنی سفارش مجاز اتھارٹی کے سامنے رکھے گی۔ وزارت داخلہ نے یہ معاملہ نیب کو ریفرکیا ہے، شریف فیملی نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے نیب کو بھی درخواست دی ہے۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ درخواست کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اقدامات بروقت لیے۔
یہ رپورٹ میڈیکل بورڈ سے ان کا مئوقف حاصل کرنے کیلئے دی گئی ہے۔ شریف میڈیکل سٹی لاہورسے نواز شریف کی صحت کی رپورٹ طلب کی گئی۔ دوسری جانب ذرائع شریف فیملی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اتوار کو قومی ایئرلائن پر لندن جائیں گے۔نوازشریف کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور جنید صفدر بھی جائیں گے۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شریف فیملی کی جانب سے لندن میں 2 ڈاکٹروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ہارلے اسٹریٹ کلینک میں سوموار کیلئے اپوائٹمنٹ لیا گیا ہے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 9 نومبر 2019

Share On Whatsapp