پاکستان اسکواش فیڈریشن دسمبر میں دو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ منعقد کرے گی

, ْورلڈ اسکواش فیڈریشن پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گی،صدر ورلڈ اسکواش فیڈریشن

کیپ ٹائون : ورلڈ اسکواش فیڈریشن کانفرنس اور سالانہ جنرل اجلاس کیپ ٹائون سائوتھ افریقہ میں منعقد ہوا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل عامر مسعود نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اجلاس کی صدارت ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر یاک فونٹین نے کی۔ سی ای او پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن ایلکس گف نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں عالمی سطح پر اسکواش کے فروغ کے امور زیر غور آئے۔ ایئر وائس مارشل عامر مسعود نے سی ای او پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن سے ملاقات کی اور اگلے ماہ پاکستان میں ہونے والے اسکواش کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس (مردوں اور خواتین) کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلی ملاقات کے بعد سی ای او پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان میں پی ایس اے کے دسمبر 2019ء میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے سکیورٹی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا۔
یہ ٹورنامنٹ کراچی میں منعقد ہو گا۔ سی ای او پی ایس اے نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی عالمی سطح کے مقابلوں کی سکیورٹی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ پی ایس اے بورڈ میں کیا جائے گا۔ پی ایس اے کے اس فیصلہ سے پاکستان سکواش فیڈریشن کو پاکستان میں عالمی سطح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد اور فروغ میں مدد ملے گی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل عامر مسعود نے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر سے تفصیلی ملاقات کی جس میں پاکستان میں 2022ء میں ہونے والی ورلڈ جونیئر چمپئن شپ کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کے قیام کے بعد یہاں عالمی سطح کے ایسے مزید ٹورنامنٹ کا انعقاد اشد ضروری ہے ۔
ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر نے پاکستان کے اسکواش کے فروغ کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گی۔ ایئر وائس مارشل عامر مسعود نے اس موقع پر مختلف ممبر ممالک کی فیڈریشن کی قیادت سے ملاقاتیں کیں ۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 8 نومبر 2019

Share On Whatsapp