پاکستان قدیم تہذیبوں کا گہوارہ، دنیا بھر کے تاریخ دانوں، محققین اور ادیبوں کیلئے دلچسپی کے پر کشش مواقع موجود ہیں، محمد نفیس زکریا

اسلام آباد ۔ : برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے جہاں دنیا بھر کے تاریخ دانوں، محققین اور ادیبوں کیلئے دلچسپی کے پر کشش مواقع موجود ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو ہائی کمیشن میں برطانیہ کے دورہ پر آئے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقنون کی قیادت میں پاکستانی سیاحتی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پاکستانی وفد نے ورلڈ ٹریول مارٹ لندن۔2019 میں بھی شرکت کی۔ ہائی کمشنر نے سیاحتی و سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیلئے پر کشش ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی 20 بلند ترین چوٹیوں میں 14 پاکستان کے پہاڑی سلسلوں قراقرم، ہمالیہ اور ہندو کش میں واقع ہیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ چاہے سیاحتی ٹوارزم ہو، ایکو، ایڈونچر یا سپورٹس ٹوارزم یا کوہ پیمائی اور ٹریکنگ، پاکستان غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی کیلئے ہر قسم کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ محمد نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان نے سکھ کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتار پور راہداری کھول کر بڑا قدم اٹھایا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 8 نومبر 2019

Share On Whatsapp