ورلڈ سکواش فیڈریشن پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گی، صدر جیکوئس فینٹیون

دسمبر میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے سکیورٹی فیس ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد : ورلڈ سکواش فیڈریشن کا سالانہ اجلاس 5 اور 6 نومبر کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹائون میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ورلڈ سکواش فیڈریشن کے صدر جیکوئس فینٹیون نے کی۔ سی ای او پی ایس اے نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ پی ایس ایف کے سینئر نائب صدر وائس ایئر مارشل عامر مسعود نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں عالمی سطح پر سکواش کے فروغ کے امور زیر غور آئے۔
وائس ایئر مارشل عامر مسعود جو کہ ورلڈ سکواش فیڈریشن کے اے جی ایم بھی ہیں، نے سی ای او پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) سے ملاقات کی اور پاکستان میں سکواش کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس (مردوں اور خواتین) کے حوالہ سے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلی ملاقات کے بعد سی ای او پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان میں پی ایس اے کے دسمبر 2019ء میں ہونے والے ٹورنامنٹ کیلئے سکیورٹی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا۔
یہ ٹورنامنٹ کراچی میں منعقد ہو گا۔ سی ای او پی ایس اے نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی عالمی سطح کے مقابلوں کی سکیورٹی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ پی ایس اے بورڈ میں کیا جائے گا۔ پی ایس اے کے اس فیصلہ سے پاکستان سکواش فیڈریشن کو پاکستان میں عالمی سطح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد اور فروغ میں مدد ملے گی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل عامر مسعود نے ورلڈ سکواش فیڈریشن کے صدر سے تفصیلی ملاقات کی جس میں پاکستان میں 2022ء میں ہونے والی ورلڈ جونیئر چیمپیئن شپ کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ کئی سالوں سے پاکستان ایک پرامن ریاست بن چکی ہے۔
انہوں نے درخواست کی کہ عالمی سطح کے ایسے مزید پروگراموں کا انعقاد کیا جائے۔ ورلڈ سکواش فیڈریشن کے صدر نے پاکستان میں سکواش کے فروغ کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ورلڈ سکواش فیڈریشن پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گی۔ سینئر نائب صدر نے ایئر وائس مارشل عامر مسعود نے اس موقع پر مختلف ممبر ممالک کی فیڈریشن کی قیادت سے کامیاب ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے پاکستان کے سکواش سے پیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے مستقبل میں سکواش کے حوالہ سے اچھی خبریں ہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 8 نومبر 2019

Share On Whatsapp