ایکوافینا پولو کپ کے مقابلے جاری ،ایشیا بلڈنگ سسٹم نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

, ایکوافینا کی ٹیم امریکن سسٹم کے تحت میچ جیت کر سب سڈری فائنل میں پہنچ گئی

لاہور : لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ایکوافینا پولو کپ 2019ء کے تیسرے روز مزید دو میچز کھیلے گئے۔ ایشیا بلڈنگ سسٹم نے میجک ریور کو 8-1 سے ہرا کر مین فائنل کیلئے جبکہ ایکوافینا کی ٹیم نے امریکن سسٹم کے تحت میچ جیت کر سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔تفصیلات کے مطابق خوبصورت موسم اور بارش کے باوجود پولو کے دونوں میچز ہوئے جنہیں دیکھنے کیلئے لاہور پولو کلب میں تماشائیوں کی اچھی تعداد موجود تھی۔
پہلے میچ میں ایشیا بلڈنگ سسٹم کی ٹیم نے کافی اچھا کھیل پیش کیا اور میچ بآسانی جیت لیا۔ ایشیا بلڈنگ سسٹم کی طرف سے حمزہ مواز خان نے شاندار کھیل پیش کیا اور چھ خوبصورت گول سکور کیے جبکہ علی ریاض اور دانیال شیخ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ میجر ریور کی طرف سے واحد گول عبدالرحمان منوں نے سکور کیا۔ایکوافینا کی ٹیم نے دودو چکرز کے دونوں میچ جیت کر سب سڈری فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایکوافینا کی ٹیم نے پہلے لوٹو کارپٹس سنگاپور کی ٹیم کو 9-1 سے ہرایا۔ ایکوافینا کی طرف سے شاہنواز ایاز درانی نے پانچ، ہاشم کمال آغا نے دو جبکہ عدنان جلیل اعظم نے ایک گول سکور کیا۔ایکوا فینا کی ٹیم نے دوسرے میچ میں پلاٹینم ہومز کی ٹیم کو 4-2 سے ہرا دیا۔ ایکوافینا کی طرف سے ہاشم کمال آغا نے تین اور عدنان جلیل اعظم نے ایک گول سکور کیا۔ تیسرے دو چکر میچ میں پلاٹینیم ہومز کی ٹیم نے لوٹو کارپٹس سنگاپور کی ٹیم کو 3-2 سے ہرا دیا۔ پلاٹینم ہومز کی طرف سے احمد نواز ٹوانہ نے دو اور قدیر اشفاق نے ایک گول سکور کیا۔ لوٹو کارپٹس سنگاپور کی طرف سے بہاول محسن مان اور چودھری حسن نے ایک ایک گول سکور کیا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 7 نومبر 2019

Share On Whatsapp