Teacher Buys Fake Tuberculosis Diagnosis Online So He Could Take Longer Vacation

استاد نے طویل چھٹیاں لینے کے لیے انٹرنیٹ سے ٹی بی کی جعلی تشخیص خرید لی

چین کے اندرونی منگولیا کے علاقے میں ایک پرائیویٹ سکول کے انگریزی کے استاد کو حال ہی میں عوام سے معافی مانگنے پر مجبور کر دیا گیا۔ اس استاد نے چین کے قومی دن پر طویل چھٹیاں لینے کے لیے انٹرنیٹ سے ٹی بی کی جعلی تشخیص خریدی تھی۔ استاد، جسے مسٹر ڈو کے نام سے شناخت کیا گیا ہے، نےانٹرنیٹ سے 470 یوان یا 67 ڈالر میں سینے کےجعلی سکین اور ڈاکٹر کی رپورٹ خریدی، جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ مسٹر ڈو ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہیں۔
مسٹر ڈو نے سوچا تھا کہ سکول کا مالک انہیں دیکھ کر چین کے قومی دن پر انہیں طویل چھٹیاں دے گا لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ جعلی کاغذات پیش کرنا کس قدر سنجیدہ مسئلہ بن سکتا ہے۔ چونکہ ٹی بی ایک خطرناک اور چھوت کا مرض ہے اور یہ انسانی زندگی کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔ مسٹر ڈو کے ٹی بی میں مبتلا ہونے کا معلوم ہونے پر منگولیا کے دارالحکومت ہوہوٹ میں واقع سکول کی انتظامیہ نے انگریزی جماعت کے سارے طلباء کا طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا۔
طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ مسٹر ڈو کے دو شاگردوں کوبھی ٹی بی ہے۔مسٹر ڈو کو اپنے شاگردوں میں ٹی بی کے مرض کا پتا چلا تو انہوں نے پھر سے انٹرنیٹ سے 315 یوان (45) یوان میں ایسی رپورٹس خریدی، جن سے پتا چلتا تھا کہ اب ان کو ٹی بی نہیں ہے۔بچوں کے والدین نے مسٹر ڈو کی موجودہ رپورٹس پر یقین نہیں کیا کیونکہ ٹی بی کے علاج کے لیے کئی مہینے ادویات لینی پڑتی ہے۔
سکول انتظامیہ نے زبردستی مقامی ہسپتال میں مسٹر ڈو کا معائنہ کرایا تو معلوم ہوا کہ انہیں کبھی یہ بیماری تھی ہی نہیں۔مقامی ہسپتال میں یہ بھی معلوم ہو گیا کہ پچھلے ایکسرے ایک بالکل مختلف شخص کے ہیں۔ جھوٹ پکڑے جانے پر مسٹر ڈو نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی چھٹیاں بڑھانے کے لیے جعلی رپورٹ جمع کرائی تھیں۔مسٹر ڈو کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر رپورٹ خریدتے ہوئے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ٹی بی اتنی سنجیدہ بیماری ہے۔ بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ مسٹر ڈو بچوں میں کافی مقبول ہیں۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس جھوٹ کے بعد مسٹر ڈو کو ملازمت جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے یا نہیں۔

تاریخ اشاعت : بدھ 6 نومبر 2019

Share On Whatsapp
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں