میکسیکومیں ڈرگ مافیا کی فائرنگ سے چھ بچوں ،تین خواتین سمیت نو امریکی ہلاک

مرنے والوں کو ڈرگ مافیا نے غلطی سے کسی اور کے شبہ میں نشانہ بنایا،میکسین صدر کا تحقیقات کا حکم

میکسیکو سٹی : شمالی امریکی ملک میکسیکو میں مبینہ طور پر ڈرگ مافیا کے حملے میں 9 امریکی شہری ہلاک ہوگئے جن میں 6 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو کی ریاست سونارا میں پیش آیا جہاں امریکا سے تعلق رکھنے والا خاندان گاڑیوں کے قافلے میں سفر کررہا تھا۔حکام نے امکان ظاہر کیا کہ انہیں ڈرگ مافیا نے غلطی سے کسی اور کے شبے میں نشانہ بنایا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مرنے والے 2 بچوں کی عمریں ایک سال سے بھی کم تھیں۔رپورٹ کے مطابق یہ خاندان امریکی شہریت رکھتا ہے تاہم گذشتہ کئی دہائیوں سے میکسیکو میں مقیم ہے۔واضح رہے کہ میکسیکو کی ریاست سونارا گذشتہ کئی عرصے سے منشیات فروش گروہوں اور ڈرگ مافیا کے درمیان میدان جنگ بنا ہوا ہے۔اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک بہت ہی پیارا خاندان ایک دوسرے پر فائرنگ کرنے والے دو شیطانی منشیات فروش گروہ کے درمیان پھنس گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ واقعے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد امریکی شہری مارے گئے ہیں جب کہ کچھ لاپتہ بھی ہیں، میکسیکو کو اگر ان مافیاز کے خاتمے لیے مدد درکار ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے میکسیکو حکام کو ڈرگ مافیا پر قابو پانے کے لیے اپنی خدامت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ تاہم میکسیکو کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک آزادانہ طور پر اس واقعے کی تحقیقات کرے گا اور حملہ کرنے والے ملزمان کو سزا دلوائے گا۔

تاریخ اشاعت : بدھ 6 نومبر 2019

Share On Whatsapp