سعودی عرب نے غیر مُلکی سیاحوں کے ویزوں کے لیے الگ مہر متعارف کرا دی

ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے سیاحوں کے پاسپورٹ پر ’ویلکم ٹو ریاض سیزن‘ کی مہر لگائی جا رہی ہے

ریاض : سعودی عرب کی جانب سے کچھ عرصہ قبل سیاحتی ویزہ کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ اس سہولت سے اب تک ہزاروں غیر مُلکی سیاح فائدہ اُٹھا کر مملکت میں تشریف لے چکے ہیں۔ اس حوالے سے غیر مُلکی سیاحوں کے ویزوں کے لیے الگ مہر متعارف کرا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ذریعے آنے والے غیر مُلکی سیاحوں کے پاسپورٹ پر ’ویلکم ٹو ریاض سیزن‘ کی مہر لگائی جا رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مہر ریاض سیزن انتظامیہ اور محکمہ پاسپورٹ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، جو ان غیر مُلکیوں کے پاسپورٹ پر لگائی جائے گی جو خصوصی طور پر ریاض سیزن میں شرکت کے لیے یا اسے دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں۔ ریاض ایئر پورٹ پر سیاحتی ویزے کے نگران کنرل ماجد الاحمری نے بتایا ہے کہ ایئر پورٹ پر محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے ایسے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو دُنیا کی بڑی اور معروف زبانوں کے ماہر ہیں۔
یہ مترجم اہلکار غیر مُلکی سیاحوں کا استقبال کرنے کے بعد اُنہیں درپیش معاملات کے حوالے سے رہنمائی کرتے ہیں اور اس کے علاوہ اُنہیں ریاض سیزن کے متعلق مختلف سرگرمیوں سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سیاحتی ویزہ فی الحال 49 ممالک کے شہریوں کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ سیاحتی کمیٹی کے مطابق سعودی ویزے کی فیس 440 ریال مقرر کی گئی ہے۔ اس ویزے کی میعاد ایک سال رکھی گئی ہے۔
سیاحتی ویزہ ویب سائٹ کے ذریعے یا پھر سعودی مملکت پہنچنے پر دیا جائے گا۔ جس کے پراسس میں صرف پانچ منٹ سے لے کرزیادہ سے زیادہ 30 منٹ کا وقت لگے گا۔ اس ویزے کے حصول کے لیے مذہب کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔ تاہم یہ ویزہ صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کو جاری کیا جائے گا۔ سیاحتی ویزہ حاصل کرنے والے شخص کی مملکت میں داخلے کے وقت اس کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے میں کم سے کم چھ ماہ باقی ہوں۔
سیاحتی ویزہ کے حامل افراد ایک سال کی مُدت کے دوران مملکت میں 90 روز سے زائد قیام نہیں کر سکتے۔ اس ویزے کا حامل فرد سعودی عرب میں6 مرکزی راستوں سے داخل ہو سکے گا۔ سیاحتی ویزہ تین طریقوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے اگر سیاح چاہیں تو ایئر پورٹ پہنچ کر آٹو میٹک سسٹم سے ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ جبکہ دْوسرا طریقہ آئی پیڈ یا موبائل کے ذریعے اپنے کوائف کا اندراج کرنے کے بعد ویزہ حاصل کرنے کا ہے۔ تیسرا طریقہ محکمہ پاسپورٹ کے کاوٴنٹرز ہیں جہاں پر بھی انتہائی آسان طریقے سے ویز ہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ غیر مْلکی سیاحوں کو جدہ، ریاض، دمام، مدینہ منورہ اور العلاء کے انٹرنیشنل ہوائی اڈوں پر پہنچ کر ویزہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 28 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp