Known Criminal’s Tomb Features Life-Size Statue Of Him And Replica Of Audi Q5

بڑےمجسمے اور آڈی کیو 5 گاڑی کی نقل کے ساتھ مشہور مجرم کا انوکھا مقبرہ

سپین کے صوبے غرناطہ میں  بدنام زمانہ ٹرک ہائی جیکر کا  سنگ مرمر سے بنا مجسمہ سیاحوں کے لیے پر کشش مقام بن گیا ہے۔ اس کی وجہ یہاں نصب ،مقبرے میں دفن ، مجرم کا مجسمہ اور آڈی کیو 5 گاڑی کی نقل ہے۔اس کار  کو مجرم ہائی جیکنگ کی وارداتوں میں استعمال کرتا تھا۔
انتونیو "ال تونتو" (بے وقوف) کو پائریٹس  آف ٹرک یا ٹرکوں کے قزاق کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

انہیں غرناطہ کی تاریخ کا کامیاب ترین مجرم سمجھا جاتا ہے۔ انہیں 60 بار گرفتار کیا گیا۔ وہ ٹرکوں کو ہائی جیک کر کے  اس میں موجود سامان  لوٹ لیتے۔ اُن کے لوٹے ہوئے ٹرکوں میں پرفیوم اور کمپیوٹروں سے بھرے ٹرک بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں سپین کے صوبے میں میریجوانا کی قانونی تجارت شروع کرنے میں پہل کار کا درجہ حاصل ہے۔ انہوں نے   لوٹے ہوئے سامان کو فروخت کرنے کے لیے ایک سپرمارکیٹ بھی بنائی ہوئی تھی۔
ال تونتو کا پچھلے سال ہی انتقال ہوا ہے۔ وفات کے وقت اُن کی عمر 46 سال تھی۔ اُن کی وفات  مبینہ طور پر سات ٹرک چرانے پر گرفتاری کے فوراً بعد ہوئی۔لیکن مرنے کے بعد بھی وہ اپنے آبائی ٹاؤن کے لوگوں کے دلوںمیں رہتے ہیں۔اس کا اندازہ اُن کے مقبرے کی  سجاوٹ سے بھی ہوتا ہے۔
ال تونتو کا مقبرہ پچھلے سال اس وقت خبروں کی زینت بنا جب یہاں پر اُن کا کانسی کا بنا ہوا مجسمہ نصب کیا گیا۔
اس مجسمے کو  سیڑھیوں پر بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مجسمے سے زیادہ توجہ اس کے لباس نے اپنی طرف مبذول کرائی۔ اس مجسمے نے مونکلیئر کی جیکٹ اور جوتے  پہنے ہوئے ہیں، اس کے ہاتھوں میں 42 ہزار یورو کی  رولیکس یاچ ماسٹر گھڑی اور ورسیس کا بریسلیٹ ہے۔ مجسمے  کی  انگلیوں میں سونے کی انگوٹھیاں بھی ہیں۔ مجسمے کے ساتھ ہی گوچی کا  ہینڈ بیگ، دو سمارٹ فونز اور مارلبوورو  کی سگریٹ کا ایک پیک بھی رکھا ہے۔

اس سال اس مقبرے میں  ٹرکوں کے قزاق کی آڈی کیو 5 کی کانسی  سے بنی ہوئی نقل بھی یہاں نصب کی ہے، جس کے بعد  ایک بار پھر  یہ سپین کے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ال تونتو کے خاندان نے پہلے پہل یہاں اُن کی پسندیدہ گاڑی فراری کیلیفورنیا نصب کا سوچا تھا لیکن بعد میں انہوں نے آڈی کیو 5 نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایک کامیاب مجرم ہونے کے باوجود ال تونتو اپنے ٹاؤن، پینوس پوئنتہ، کی  ہردلعزیز  شخصیت تھے۔10 ہزار نفوس پر مشتمل اس ٹاؤن کے لوگ اُن کی قبر پر اکثر پھول رکھتے ہیں۔زندگی بھر اپنی مجرمانہ سرگرمیوں سے خبروں کا حصہ رہنے والے ال تونتو اب اپنی قبر کی وجہ سے خبروں  کی شہ سرخیوں میں ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 26 اکتوبر 2019

Known Criminal’s Tomb Features Life-Size Statue Of Him And Replica Of Audi Q5
Share On Whatsapp
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں