وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے پی ٹی آئی کے نائب صدر زاہد حسین کاظمی کی ملاقات ،ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

معیشت کی ترقی کیلئے یکسوئی اور امن کا قیام بنیادی اجزا ہیں، شہریوں کے جان و مال کے سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے یکسوئی اور امن کا قیام بنیادی اجزا ہیں، شہریوں کے جان و مال کے سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ بدھ کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر زاہد حسین کاظمی نے وفاقی وزیرداخلہ برگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ سے اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملک بھر میں امن عامہ کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی وزیر داخلہ نے کہاکہ معیشت کی ترقی کیلئے یکسوئی اور امن کا قیام بنیادی اجزا ہیں، دشمن انتشار کو ہوا دیکر پاکستان کو الجھانا چاہتا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ شہریوں کے جان و مال کے سلامتی اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ نائب صدر تحریک انصاف نے کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، چودہ ماہ کی محنت سے معیشت آئی سی یو سے نکل کر صحتیابی اور افزائش کی جانب گامزن ہے۔
انہوںنے کہاکہ سیاسی و انتخابی میدان میں شکست کھانے والا گروہ حواس باختہ اور انتقام کی آگ میں جل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ کمزور اور ناقص بیانیے کی بنیاد پر ایک اقلیتی ٹولہ بحران کی آڑ میں خود کیلئے امکانات کا متلاشی ہے۔انہوںنے کہاکہ سیاست میں جبر و فساد کا دروازہ کھولنے والے دشمن کی تسکین کا سامان کریں گے۔انہوںنے کہاکہ خارجی محاذ پر ناکامی کے بعد پاکستان کو کسی داخلی بحران کا شکار کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف امن عامہ کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کی حکمت عملی و اقدامات کی مکمل حمایت کرے گی۔

تاریخ اشاعت : بدھ 23 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp