صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین کی قیادت میں وفد کی ملاقات

ٹوکیو : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سیشیرو ایتو کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدرمملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش اور جاپان میں حالیہ طوفان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ جاپانی پارلیمانی قیادت کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کے لیے کردار ادا کرے۔ صدر مملکت نے لیگ ممبران کی پاکستان اور جاپان کے مابین معاشی تعاون کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے دونوں ممالک بالخصوص جاپان اور پاکستان کی پارلیمان کے درمیان مفاہمت اور دوستی کے فروغ کے لئے کوششوں کے اعتراف میں رواں سال سیشیرو ایتو کو ہلال پاکستان سے نوازنے پر خوشی ہوئی۔
ملاقات میں سیشیرو ایتو نے ہلال پاکستان نوازے جانے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو اجاگر کیا اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے دورہ جاپان کو اہم قرار دیا۔ ملاقات میںدوطرفہ پارلیمانی تعاون اور روابط کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

تاریخ اشاعت : بدھ 23 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp