نا نومبر نا دسمبر، اورنج لائن میٹرو ٹرین کب چلے گی، نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

ٹرین کی آزمائشی دوڑ دسمبر سے شروع کی جائے گی جو مارچ کے مہینے تک جاری رہے گی، عوام کیلئے ٹرین سروس کا آغاز اگلے برس کے تیسرے ماہ سے ہوگا

لاہور : نا نومبر نا دسمبر، اورنج لائن میٹرو ٹرین کب چلے گی، نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا، ٹرین کی آزمائشی دوڑ دسمبر سے شروع کی جائے گی جو مارچ کے مہینے تک جاری رہے گی، عوام کیلئے ٹرین سروس کا آغاز اگلے برس کے تیسرے ماہ سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اعلان کیا گیا ہے کہ اورنج لائن میٹرو منصوبے کو عوام کیلئے اگلے برس مارچ کے ماہ سے آپریشنل کیا جائے گا۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی دوڑ کا آغاز دسمبر کے ماہ سے ہی کر دیا جائے گا، تاہم ٹرین کو 3 ماہ کیلئے آزمائشی طور پر چلایا جائے گا، پھر ہی ٹرین کو عوام کیلئے آپریشنل کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب حکومت کے وزیر میاں اسلام اقبال نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ میاں اسلام اقبال نے بتایا ہے کہ ان کی حکومت کو منصوبے پر کافی اعتراضات ہیں، تاہم چونکہ یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے، اس لیے حکومت اسے جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا اب صرف 2 فیصد کام باقی ہے جو رواں ماہ کے اندر ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے بعد منصوبے کیلئے سبسڈی کا تعین کرنے کے بعد اسے آپریشنل کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی اعلان کیا تھا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینل کے شو کو دیے گئے خصوصی انٹریو میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ہر صورت اس منصوبے کو رواں برس کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے بھی اورنج لائن منصوبہ جلد سے جل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ گزشتہ ماہ ہونے والی سماعت کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا تھا کہ منصوبے پراب تک 169 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں اورمزید اخراجات بھی ہوں گے۔ سماعت کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹرنے استدعا کی کہ میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل کیلئے جنوری 2020ء تک مہلت دی جائے جس میں آزمائشی ٹرین چلانے سمیت دیگر تکنیکی امور کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
درخواست پر عدالت نے 2020ء تک مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ مسلم لیگ ن کی پچھلی حکومت نے شروع کیا تھا جو اکتوبر 2018 ء میں مکمل ہونا تھا۔ لیکن مقررہ مدت سے ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوسکا۔

تاریخ اشاعت : پیر 21 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp