برطانوی شاہی جوڑے کی برطانیہ واپسی کھٹائی میں پڑ گئی

اسلام آباد کا موسم خراب ہو جانے کے باعث شاہی مہمانوں کا پاکستان میں قیام مزید ایک روز کیلئے بڑھ سکتا ہے، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو بذریعہ روڈ اسلام آباد لے جانے پر غور

لاہور : برطانوی شاہی جوڑے کی برطانیہ واپسی کھٹائی میں پڑ گئی، اسلام آباد کا موسم خراب ہو جانے کے باعث شاہی مہمانوں کا پاکستان میں قیام مزید ایک روز کیلئے بڑھ سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنا دورہ لاہور مکمل کرکے واپس اسلام آباد روانہ ہوئے تھے، لیکن اسلام آباد کا موسم خراب ہونے کے باعث ان کے طیارے کو واپس لاہور آنا پڑا۔
ایئرٹریفک کنٹرول نے شاہی جوڑے کے جہاز کو موسم خراب ہونے کے باعث دوبارہ اڑان کی اجازت نہ دی۔ جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن اپنے خصوصی طیارے میں کافی دیر تک موجود رہے۔ بتایا گیا ہے کہ شاہی جوڑے کو شیڈول کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے اسلام آباد پہنچنا تھا۔ تاہم اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث لاہور سے پرواز کی اجازت تاخیر سے ملی۔
بعد ازاں سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کا موسم زیادہ خراب ہونے کے باعث برطانوی شاہی جوڑے کے طیارے کو اسلام آباد سے واپس لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کروا دیا گیا۔ اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے۔ جبکہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کیلئے وی آئی پی لاؤنج بھی اوپن کردیا گیا۔ شہزادہ اور شہزادی نے کچھ دیر ائیرپورٹ پر انتظار کیا، تاہم اسلام آباد کا موسم بہتر نہ ہونے کے باعث دونوں مہمانوں کو نجی ہوٹل میں پہنچا دیا گیا۔
اب بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کا موسم تاحال بہتر نہیں ہوا اور مزید ایک روز تک موسم میں بہتری کا امکان نہیں ہے۔ اسی باعث برطانوی شاہی جوڑے کا پاکستان میں قیام مزید بڑھ سکتا ہے۔ جبکہ حکام شاہی مہمانوں کو بذریعہ روڈ لاہور سے اسلام آباد لے جانے پر غور کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے دورہ لاہورمیں ایس او ایس ویلیج کا دورہ کیا، شاہی جوڑے نے تین یتیم بچوں کے ہمراہ ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ۔
برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کاایس او ایس ویلیج آمد پر ویلیج میں قیام پذیر بچوں سمیت دیگر نے پرجوش استقبال کیا ۔شاہی جوڑا بچوں میں گھل مل گیا اور اور ان سے بات چیت کی ۔شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ ایک گھنٹہ سے زائد کا وقت گزارا۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اس موقع پر ایس او ایس ویلیج کے تین بچوں کی سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور کیک کاٹا۔ شہزادی کیٹ میڈلٹن نے سالگرہ منانے والے بچوں کو کیک پیش کیا۔اس موقع پر شاہی جوڑے کو ایس او ایس ویلیج میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہی دی گئی ۔شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔ بعد ازاں شاہی جوڑے نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 18 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp