آل کراچی محمد حسن میموریل فٹبال ٹورنامنٹ ، پری کوارٹر فائنل میں شاہد میموریل نے ملک اسٹار کو2-0 سے شکست دیدی

کراچی : اہل محلہ عثمان آباد گارڈن کراچی کے زیراہتمام عثمان آباد فٹبال اسٹیڈیم میں جاری آل کراچی محمد حسن میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں شاہد میموریل نے ملک اسٹار کو2-0 سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔عثمان آباد فٹبال اسٹیڈیم میں جاری آل کراچی محمد حسن میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں شاہد میموریل کا سامنا ملک اسٹار سے ہوا۔
جس میں شاہد میموریل نے ملک اسٹار کو 2-0 سے ہراکر اہم کامیابی حاصل کرکے فائنل ایٹ میں سیٹ کنفرم کرالی۔کھیل کے پہلے ہاف میں شاہد میموریل نے سبقت حاصل کرنے کے لئے ملک اسٹار کے گول پر حملے تیز کردیئے اور پہلے ہاف کی17 ویں منٹ میں شیراز نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں 1-0کی برتری دلوادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے والی ملک اسٹار نے گول برابر کرنے کی کوشش کی،لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔
ہاف ٹائم میں شاہد میموریل کی ٹیم 1-0سے جیت رہی تھی۔کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے کئی اچھی مووز بنائی لیکن دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپرز نے ان حملوں کو ناکام بنادیا۔ کھیل کے 50ویں منٹ میں شاہد میموریل کی طرف سے یاسر نے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 سے دگنا کردیا۔ ملک اسٹار اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود میچ میں کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ ریفری نے کھیل کی اختتامی وسل بجائی تو شاہد میموریل کی ٹیم 2-0سے سرخرو ہوکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ میچ کے ریفری عدنان خان، ڈپٹی ریفریز بابر ، الہیٰ بخش میچ کمشنر نذیر احمد سنگھولین تھے۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 12 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp