ایران اور سعودی عرب کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جواد ظریف

بات چیت براہ راست ہو یا کسی ثالث کے ذریعے، اس کیلئے تیار ہیں،سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ

تہران : ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ریاض اور تہران کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے،بات چیت براہ راست ہو یا کسی ثالث کے ذریعے، ایران اس کے لیے تیار ہے،سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ترک میڈیا کو ایک انٹرویو میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ایران اور سعودیہ کے درمیان ثالثی کیلئے کوشش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اور ایران کے پاس ایک دوسرے سے بات چیت کے علاوہ دوسری چارہ نہیں ہے، بات چیت براہ راست ہو یا کسی ثالث کے ذریعے، ایران اس کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی ثالث کار کو انکار نہیں کیا، ہم ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب سے ثالثی یا براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پڑوسی ملک ہے اور ہمیں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے، سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں سب سے بڑا خطرہ ہے کیونکہ صیہونی ریاست جوہری ہتھیار رکھتی ہے اور وہ کسی بھی بین الاقوامی تخفیف اسلحہ سے متعلق معاہدے میں شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جانب سے فلسطین میں غزہ، مغربی کنارے، لبنان اور شام میں روز حملے کیے جاتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 12 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp