رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران حکومت کو ترسیلات زر کی مد میں 5.4 ارب ڈالرز موصول

بیرونی ممالک سے بھجوائی جانے والی رقوم میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 17 فیصد تک کا اضافہ، ستمبر کے ماہ میں 1 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زائد موصول ہوئے

اسلام آباد : رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران حکومت کو ترسیلات زر کی مد میں 5.4 ارب ڈالرز موصول، بیرونی ممالک سے بھجوائی جانے والی رقوم میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 17 فیصد تک کا اضافہ، ستمبر کے ماہ میں 1 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زائد موصول ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے رواں مالی سال 2020ء کے ابتدائی تین ماہ (جولائی تا ستمبر) میں 5478.11 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جبکہ گذشتہ برس کی اسی مدت میں 5557.61 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2019ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1747.95ملین ڈالر رہی جو کہ اگست 2019ء کے مقابلے میں 3.4 فیصد زیادہ جبکہ ستمبر 2018ء کے مقابلے میں17.6 فیصد زیادہ ہیں۔ بلحاظ ملک ستمبر 2019ء کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب420.88ملین ڈالر،363.34 ملین ڈالر،281.91 ملین ڈالر،264.89 ملین ڈالر، 162.77 ملین ڈالر، اور53.20 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے،جبکہ ستمبر 2018ء میں ان ملکوں سے آنیوالی رقوم بالترتیب 360.16ملین ڈالر،308.13 ملین ڈالر، 240.49 ملین ڈالر،216.75 ملین ڈالر، 134.49 ملین ڈالر اور 41.14 ملین ڈالر تھیں۔
ستمبر 2019ء میں ملائشیا، ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنیوالی ترسیلات زر مجموعی طور پر200.95 ملین ڈالر رہیں جبکہ ستمبر 2018ء میں ان ملکوں سی185.31 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔
                                               

تاریخ اشاعت : جمعہ 11 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp