ن لیگ میں نہ تو شہباز شریف گروپ جیتے گا نہ مریم اور نوازشریف گروپ کامیاب ہوگا: چوہدری غلام حسین

مسلم لیگ ن میں ایک تیسرا گروپ ہے جو پارٹی کو موجودہ حالت میں ہی رکھنا چاہتا ہے اور وہی گروپ کامیاب ہو گا: سینئیر تجزیہ کار کا دعویٰ

اسلام آباد : سینئیر تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن میں نہ تو شہباز شریف گروپ جیتے گا اور نہ ہی مریم نواز اور نوازشریف کا گروپ کامیاب ہوگا۔ چوہدری غلام حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں ایک تیسرا گروپ ہے جو پارٹی کو موجودہ حالت میں ہی رکھنا چاہتا ہے کیونکہ وہ لوٹ مار کے جن الزامات کے دباؤ میں ہے وہ انہیں اگلے دس سال تک اٹھنے نہیں دیں گے اور وہی گروپ کامیاب ہو گا۔
نجی ٹیوی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے صابر شاکر نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے سوال کیا کہ کیا شہباز شریف نواز شریف سے الگ ہو گئے ہیں یا یہ پھر دو نمبری ہے جس کے جواب میں سینئیر تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے کہا کہ دو نمبری کے کاروبار پہ تو یہ مطمئن ہیں لیکن آگے مفادات کا ٹکراؤ ہے۔ خیال رہے کہ آج نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات طے تھی جس میں نواز شریف نے انہیں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے کی ہدایت کرنا تھی لیکن شہباز شریف نے طبیعت کی خرابی کے باعث ملاقات نہیں کی جس کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اعلان کیا کہ ن لیگ مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دے گی اور نواز شریف نے مولانا کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ شہباز شریف مولانا کا لاہور میں استقبال کریں گے۔
جس کے بعد خبر آئی کہ شہباز شریف نے اس بات کی تردید کر دی ہے اور وہ استقبال نہیں کریں گے لیکن کچھ ہی دیر میں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس خبر کی تردید کر دی کہ شہباز شریف نے استقبال سے انکار کیا ہے۔ پروگرام کے دوران سینئیر صحافی صابر شاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ جب وزیراعظم نواز شریف تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ترکی کے دورے پر گئے تو ترک صدر رجب طیب اردوان نے انہیں کہا تھا کہ عوام آپ سے محبت کرتی ہے، آپ تیسری بار وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے آپ پاکستان کی خدمت کریں لیکن میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ فوج سے جھگڑا مت کیجیے گا، فوج سے پنگا نہ لیجیے گا۔
صابر شاکر نے کہا کہ وہ اس دورے پر نواز شریف کے ساتھ گئے تھے اور ایک ن لیگی رہنما نے انہیں اس بارے میں بتایا تھا کہ ترک صدر نے نواز شریف کو فوج سے جھگڑا کرنے سے منع کیا تھا لیکن نواز شریف نے ان کی بات بھی نہ مانی اور اسکا انجام سب کے سامنے ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp