رواں برس ملک میں ماضی کے مقابلے میں سردی کا موسم بے حد شدید ہوگا

اگلے 2 ماہ کے دوران غیر معمولی بارشوں کا امکان نہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی علاقہ جات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، خیبرپختونخوا، گلگت بلدستان، کشمیر کے انتہائی بلند و بالا پہاڑوں پر اور وادیوں میں ہلکی برفباری متوقع

لاہور : رواں برس ملک میں ماضی کے مقابلے میں سردی کا موسم بے حد شدید ہوگا، اگلے 2 ماہ کے دوران غیر معمولی بارشوں کا امکان نہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی علاقہ جات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، خیبرپختونخوا، گلگت بلدستان، کشمیر کے انتہائی بلند و بالا پہاڑوں پر اور وادیوں میں ہلکی برفباری متوقع ۔ تفصیلات کے مطابق موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے والوں کی جانب سے پیشن گوئی کی گئی ہے کہ رواں برس ملک میں سردی کا موسم ماضی کے مقابلے میں شدید ہو سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا بتانا ہے کہ رواں برس اکتوبر میں غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں۔ رواں برس مون سون بارشوں کا سیزن توقع سے زیادہ طویل رہا۔ کراچی اور سندھ کے کچھ علاقوں میں 10 سال بعد اکتوبر کے ماہ میں بارشیں ہوئیں۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے کے دوران ہونے والی بارشوں کے باعث ملک کے کئی علاقوں کا موسم کسی حد تک سرد ہو چکا ہے۔ تاہم اگلے 2 ماہ کے دوران معمول کے مطابق ہی بارشیں ہوں گی۔
بتایا گیا ہے کہ ایک بہت ہی کمزور مغربی اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج یعنی 10 اکتوبر سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے اور اسکے اثرات 12 اکتوبر تک ملک کے شمالی علاقوں میں دکھیں گے۔ اسی باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلدستان، کشمیر کے انتہائی بلند و بالا پہاڑوں پر اور وادیوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا کچھ جگہوں پر کمزور بادل بن سکتے ہیں جو پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کرسکتے ہیں۔ جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی سلسلوں کے اوپر بارش کے اچھے بادل تشکیل پائیں گے۔ شمال مغربی اور مشرقی بلوچستان میں اس دوران مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp