صنعت وحرفت سے وابستہ خواتین ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں، شاہ فر مان

پشاور۔10 اکتوبر : گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ صنعت وحرفت سے وابستہ خواتین نہ صرف معاشی طور پر خود مختار ہوتی ہیںبلکہ ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں ویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری مردان کی نومنتخب صدر نازیہ بیگم کی قیادت میں مذکورہ چیمبرکے عہدیداروں پرمشتمل 8 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کی۔
اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا نے وویمن چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری مردان کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف بھی لیا۔ انہوںنے نئے عہدیداروں کو مبارکبا د دیتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا کہ نومنتخب قیادت خواتین پرمشتمل بزنس کمیونٹی کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے بھر پور کردار ادا کرے گی اور مزید خواتین کو تجارتی سرگرمیوں کیلئے راغب کرنے میں بھی اپنا کردار اداکرے گی۔انہوں نے کہاکہ خواتین ہماری نصف آبادی سے زیادہ پرمشتمل ہیں اور کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہوتاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کی مجموعی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپناکردار ادا کرناہوگا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp