27 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمن علاج کروانے ملک سے باہر چلے جائیں گے

فضل الرحمان 25 تاریخ تک چندہ جمع کریں گے، 26 کو بیمار اور 27 کو ملک سے باہر ہوں گے۔ مفتی عبدالقوی کی پیشگوئی

لاہور د : : پاکستان تحریک انصاف کے مذہبی ونگ کے رہنما اور ملتان سے تعلق رکھنے والے عالم دین مفتی عبدالقوی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن 25 تاریخ تک چند جمع کریں گے،26 کو بیمار اور 27 کو ملک سے باہر ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقوی نے کہا کہ زرد امامہ پہنن کر مولانا فضل الرحمن تحفظ ناموس رسالت کے نام پر بھیک مانگ رہے ہیں۔
ہم امت مسلمہ کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ چندہ مانگ کر شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔چندہ ، دھندہ اور اس کا انجام مندہ ہو گا،مفتی قوی نے کہا کہ غریب عوام سے ناموس رسالت کے نام پر چندہ مانگ کر اپنے زرد مال کی طرح چہرہ بھی زرد کر رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 27 اکتوبر کے دن مولانا فضل الرحمن بیرون ملک علاج کروانے چلے جائیں گے۔کیونکہ ناموس رسالت کے نام پر چندہ مانگنے سے بخار آتا ہے اور دل کا اٹیک بھی آتا ہے۔
جب کہ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اپنی سیاسی محرومی کے خاتمہ کے لئے ملک کے جمہوری نظام کو خطرے سے دوچارنہ کریں، اس وقت عالمی اور ہماری سرحدی صورتحال کسی تحریک کی متحمل نہیں ہوسکتی۔آج کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملک کے قیام کے 72 سال بعد پہلی دفعہ دینی مدارس کی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں وزارت تعلیم سے منسلک کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمن اپنی سیاسی محرومی کے ازالے کے لئے مذہبی نعروں کا استعمال نہ کریں اور سیاسی امور کے لئے مذہب کا استعمال بند کریں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں ملک کی 28 مذہبی جماعتوں نے مولانا فضل الرحمن کے ان مذہبی نعروں سے لا تعلقی کا اظہار کیا تھا اور ان کی اس تحریک اور ہنگامہ آرائی سے سب سے زیادہ نقصان کشمیر کاز اور ملک کو ہوگا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp