پاکستان نے خطے اور عالمی امن کی خاطرلازوال قربانیاں دیں ،امن کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا ،محمد صادق سنجرانی

, چیئرمین سینیٹ سے سوئٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان نے خطے اور عالمی امن کی خاطرلازوال قربانیاں دیں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار سوئٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات میںکیا ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال اور حقائق کو سامنے رکھ کر امن اور ترقی کو موقع دینا لازمی ہے کیونکہ امن اور ترقی کے ذریعے عوام کی خوشحالی کیلئے نئی راہیں ہموار ہونگی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ دنیا کو چاہیے کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔ کشمیر کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ66 دن سے کرفیو نافذ ہے اورمقبوضہ وادی کو اوپن جیل بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرفیو کے باعث انسانی بحران کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے اور اب لازمی ہوگیا ہے کہ دنیا اسے ایک انسانی مسئلہ سمجھ کر اپنا کر دار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ظلم اور جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سوئٹزرلینڈ مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و جبر روکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ دو طرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دوطرفہ روابط، تجارتی معاونت، پارلیمانی تعلقات و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میںنومبر کے مہینے میں سوئٹزر لینڈ کی پارلیمنٹ کے سپیکر کے دورے سے پارلیمانی تعلقات کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری اور تعاون کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ افغان امن عمل اور حالیہ ڈائیلاگ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اورافغانستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اس کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے نکالنا ہوگا۔ سوئٹز ر لینڈ کے سفیر نے مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔سفیر نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہم ملک ہے اور ہماری خواہش ہے کہ باہمی رابطوں اور پارلیمانی تعاون کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعاون کیلئے نئے مواقع تلاش کئے جا ئیں۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp