ترک صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخیں طے ہو گئیں

ترک صدر طیب اردگان 23 اکتوبر کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر پہنچیں گے،دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے

اسلام آباد : : ترک صدر طیب اردگان کے دورہ پاکستان کی تاریخیں طے ہو گئی ہیں۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک صدر طیب اردگان 23 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ترک صدر کا دورہ دو روز پر مشتمل ہو گا۔ترک صدر کے دورے کے حوالے سے پلان بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔ترک صدر اپنے دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔اس موقع پر تُرکی کا اہم کاروباری اور تجارتی وفد بھی تُرک صدر کے ہمراہ ہو گا۔
طیب اردوان اسلام آباد میں پاک ترک اعلی سطح کی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جلاس کی صدارت ترک صدر طیب اردوان اور عمران خان کی جانب سے مشترکہ طور پر کئے جانے کا امکان ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق طیب اردوان کو وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کر لی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ہی دورہ پاکستان کی تصدیق بھی کر دی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد تُرک صدر طیب اردوان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ واضح رہے کہ تُرکی پاکستان کا اچھا دوست ملک ہے ۔ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کرنے والے ممالک میں تُرکی پیش پیش تھا۔ جبکہ دو روز قبل ترک صدر نے پاکستان سے دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر بھی اُٹھایا تھا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام و خوشحالی کو مسئلہ کشمیر سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود 80 لاکھ افراد مقبوضہ کشمیر میں محصور ہیں، محفوظ مستقبل کے لیے مسئلہ کشمیر کا جنگ کے بجائے مذاکرات سے حل لازمی ہو گیا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp