مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے کل یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش وجذبے سے منایا جائیگا،علی امین گنڈاپور

وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں اور سفارت کاری کے باعث دُنیا سمجھ رہی ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا،وفاقی وزیر امور کشمیر

اسلام آباد : وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کے لیے جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش وجذبے سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں (آج) ڈی چوک اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جس میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کریگی۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یوم یکجہتی کشمیرمنانے کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکرٹری ،جوائنٹ سیکرٹری ،پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی ، وزارت اطلاعات، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، سی ڈی اے، پی آئی ڈی اور اسلام آباد انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت کی موثر سفارت کاری کے باعث عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا اس دیرنیہ مسئلے کی حساسیت سے باخبر ہو رہے ہیں ،انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں اور سفارت کاری کے باعث دُنیا سمجھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے نہ صرف انسانی حقوق کی پامالی کا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے بلکہ یہ مسئلہ نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہونے کی وجہ سے علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی انتہائی خطرناک ہو چکا ہے جس کے حل کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ کشمیریوں کی حمایت میں ریلیز،سیمیناراور جلوس کی صورت میں تقاریب بڑے کارآمد ثابت ہورہے ہیں جس سے ایک طرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مسلسل یکجہتی کاپیغام پہنچ رہا ہے اور دوسری جانب عالمی دُنیا بھی مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان میں پائی جانی والی حساسیت سے باخبر ہو رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق پوری قوم متحد ہے اور عزم کیے ہوئے ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔
وفاقی وزیر نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اس دن کی تیاریوں کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ یکجہتی سے بھرپور پیغام ایل او سی کے دونوں اطراف پہنچایا جاسکے اور بیرونی دُنیا تک بھی یہ پیغام پہنچایا جاسکے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ اس وقت تک کھڑا ہے جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن کا حق خود ارادیت نہیں دے دیتا۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp