وزیراعظم کیلئے حکومت پنجاب کی کارکردگی بڑا چیلنج بن گئی

وزیراعظم کا ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش نہ کرنے پر شدید اظہار ناراضگی ،36 وزراء میں صرف 7وزراء نے کارکردگی رپورٹ پر بریفنگ دی،جبکہ 29 وزراء تاحال اپنی کارکردگی رپورٹ نہیں بنا سکے۔ ذرائع

لاہور : وزیراعظم عمران خان کیلئے حکومت پنجاب کی کارکردگی بڑا چیلنج بن گئی،وزیراعظم نے ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے پیش نہ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا،36 وزراء میں صرف 7 وزراء نے کارکردگی رپورٹ پر بریفنگ دی، جبکہ 29 وزراء تاحال اپنی کارکردگی رپورٹ نہیں بنا سکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے واضح ہدایت کی تھی کہ تمام وزراء اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ میڈیا کے سامنے پیش کریں۔ لیکن تاحال متعدد وزراء نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش نہیں کی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب پر شدید اظہار ناراضگی کیا کہ موجودہ حالات میں جب حکومت کو اپوزیشن کے احتجاج کا سامنا ہے تو پھر کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کیوں نہیں کی گئی؟ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہڑتال یا احتجاج ڈاکٹرز کے نوبل پروفیشن کے منافی ہے، دکھی انسانیت کی خدمت ہی ڈاکٹرز کومنفرد اور امتیازی حیثیت دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں آئے مریض علاج معالجے کیلئے ڈاکٹرز کی جانب دیکھتے ہیں اور اگر ڈاکٹرز ہڑتال پرہوں گے تو مریضوں کا کون چیک اپ کرے گا۔زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے واقعہ پر پی ایم اے کی کال سے ضلع بھر کے ہسپتالوں میں کام کی بندش سے مریضوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا رہا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈاکٹرز قابل اور باصلاحیت اور پروفیشنل ہیں۔
اس لئے اپنے مطالبات منوانے کیلئے کام نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو ہڑتال کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے سرکاری فرائض سرانجام دینے چاہئیں اور اپنے ایشوز کو مل بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ساتھ طے کیا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا ہمارا مشن ہے۔اس لئے دکھی انسانیت کی خدمت کرکے ڈاکٹرز کو حقیقی مسیحا کا کردار ادا کرنا ہے۔ڈاکٹرز جتنی زیادہ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے انہیں اتنی ہی دعائیں ملیں گی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp