وزیراعظم عمران خان کو’’مین آف ایئر‘‘ قرارددینے بارے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور : چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس کہ مطابق پنجاب اسمبلی کایہ ایوان اردن کے تھنک ٹینک کے وزیراعظم عمران خان کو مین آف ایئر قرارد دینے کے فیصلے کو سراہتا ہے اور یہ قراردیتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جو تاریخ ساز جدوجہد کی ہے اس وجہ سے وہ ملک میں بھی اس اعزاز کے مستحق ہیں، قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ رائل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹراٹیجک اسٹڈیز سنٹر نے دنیا کے 562 با اثرمسلمانوں کی اپنی فہرست جاری کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان دنیا کے 16 ویں بااثرمسلمان قرار پائے ہیں۔ یہ مرکز، اردن میں رائل البعیت انسٹی ٹیوٹ برائے اسلامی فکر کیساتھ ایک خودمختار تحقیقی ادارہ ہے۔اس ادارے نے فلسطینی نژاد امریکی خاتون رکن کانگریس راشدہ طلیب کو ویمن آف دی ایئر بھی قرار دیا ہے۔ قاہرہ میں امریکی یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے پروفیسر ایس عبد اللہ شیلیفر جنہوں نے ٹائٹل جیتنے والے دونوں نام منتخب کیے نے کہا ہے کہ عمران خان کو ان کی کرکٹ کیلئے خدمات، کینسر کے مریضوں کیلئے ہسپتال کے قیام کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی کامیاب مہم اور ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ امن کی خواہش پر منتخب کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنی زندگی کے 22 سال ایک سیاسی جماعت کے لئے وقف کرنے کے بعد گذشتہ سال وزیر اعظم پاکستان کا عہدہ سنبھال لیا تھا جو کرپشن اور بدانتظامی کیخلاف اقدامات اٹھارہے ہیں۔ پروفیسر شیلیفر کا کہنا تھا کہ اگست 2018 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے یہ واضح کردیا کہ ان کی اولین ترجیحات میں سے ایک بھارت کے ساتھ پائیدار امن کے لئے کام کرنا ہے۔
ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے اپنے پہلے ٹیلی ویژن خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے نہ صرف پاکستان اور دنیا بلکہ خاص طور پر بھارت سے عوام کو بھی مخاطب کیا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پائیدار امن چاہتا ہے اور اگر اس نے ایک قدم آگے بڑھایا تو ہم دو قدم اٹھائیں گے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین ستمبر 2018 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ایک ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا ، لیکن بھارت نے اس ملاقات کو منسوخ کردیا۔
پروفیسر ایس عبداللہ شلیفر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بات چیت شروع کرنے کی ساری کوششوں کا بھارت نے سنجیدگی سے جواب نہیں دیا، یہ ایوان سمجھتا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ملک اسی طرح ترقی کی شاہراہ پر گامزن رہے گا اور وہ دن دور نہیں جب عمران خان کی قیادت میں ہمارا ملک اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا، اردن کے تھنک ٹینک کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کو مین آف ایئر قرارددینا پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 10 اکتوبر 2019

Share On Whatsapp